تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
5 جولائی 2013
وقت اشاعت: 9:9

فرانس:پاکستانی سفارتخانے میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد

جیو نیوز - پیرس…رضا چوہدری…پھلوں کے بادشاہ پاکستانی آم کو فرانسیسی عوام میں متعارف کرانے کیلئے سفارت خانہ پاکستان، پیرس میں مینگو فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا۔ سفارت خانے میں پاکستانی آموں کی بہار نے محفل میں سماں باندھ دیا، محفل کو رونق بخشنے کیلئے پاکستانی موسیقی کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا جس میں ریاض نے اپنے فن کے مظاہرے سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ تقریب میں فرانسیسی اعلیٰ افسران کے علاوہ دیگر سفارت خانوں کے اہل کار، فرانسیسی صحافیوں اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان غالب اقبال اور ان کی بیگم نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ کمرشل اتاشی عمیر افتخار نے ”جنگ“ سے مینگو فیسٹیول کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر دو قسم کے آم سندھڑی اور چونسہ کو متعارف کرایا جارہا ہے۔ ایمبیسی کے ہیڈ چانسلری چوہدری عمران نے کہا کہ ہم فرانسیسی عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ آم وہ پھل نہیں جس کو صر ف کاٹ کر ہی کھایا جائے، اس سے ملک شیک، جوس، کاک ٹیل اورآئس کریم سمیت دیگر طریقوں سے بھی لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ پی آئی اے جے ایس ہولڈر معروف بزنس مین وقار ملک نے کہا کہ اس فیسٹیول میں فرانسیسی ایئرپورٹ اور کسٹم کے افسران کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ آم کو تیار کرنے کیلئے استعمال ہونے والے کیمیکل کے باعث فرانس اور یورپی ممالک میں پاکستان سے آم کی برآمد کے متوقع کلیئرنس میں جو مشکلات پیش آتی ہیں ان کو دور کرنے میں مدد مل سکے۔ اس موقع پر فرانسیسی افراد نے ذوق و شوق سے پاکستانی آم کھائے اور اس حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ ملٹری اتاشی ناصر رضا ہمدانی نے کہا کہ مرزا غالب نے کہا تھا کہ آم کی دوخصوصیات ہیں میٹھا ہو اوروافر مقدار میں ہو جو کہ آج آپ دیکھ رہے ہیں۔ سفیر پاکستان غالب اقبال نے کہا کہ یہ تو ابتدا ہے، دس جولائی سے تین اور مینگو فیسٹیول منعقد کیے جائیں گے جن کا مقصد پاکستانی آم کے متعلق یورپی ممالک کے عوام کو آگاہی دینا ہے جس سییہاں پاکستانی آم کی کھپت میں اضافہ ہوگا۔ تقریب کے شرکاء کے اعزاز میں پاکستانی کھانوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا اور تقریب کے اختتام پر انہیں چونسہ آم کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.