12 جولائی 2013
وقت اشاعت: 8:12
جاپان:پاکستان کا مستقبل تعلیم میں پنہاں ہے ، ڈاکٹر ثمراقبال
جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…جاپان کے دورے پر آئے ہوئے امریکا میں مقیم معروف پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر ثمر اقبال نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم وسائل رکھنے والے پاکستانیوں کو چاہیے کہ پاکستان میں تعلیم کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کیلئے اپنا اثر وسوخ، اپنے تعلقات، اپنی دولت کو استعمال کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل صرف اور صرف تعلیم میں پنہاں ہے، آج میں خود جس مقام پر ہوں یہ صرف تعلیم کی ہی بدولت ہے۔ یہ بات معروف سائنسداں ڈاکٹر ثمر اقبال نے گزشتہ روز جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی معاذ ٹیپو کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار عشائیے میں شرکاء سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر ثمر اقبال نے کہا کہ ان کا تعلق بھی لوئر مڈل کلاس سے رہا ہے تاہم آج وہ جس مقام پر پہنچے ہیں اس پر نہ صرف ان کو بلکہ ان کے اہل خانہ اور علاقے کے لوگوں کو بھی فخر ہے۔ ڈاکٹر ثمر اقبال کے مطابق ان کے دادا ایک انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے تاہم انہوں نے کوشش کرکے اپنے بیٹے (ڈاکٹر ثمر اقبال کے والد) کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا، تاہم غربت کی وجہ وہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل نہ کرسکے، ایوب خان اور بھٹودور میں ان کو مڈل ایسٹ میں ملازمت کا موقع ملا جہاں ڈاکٹر ثمر اقبال کی پیدائش ہوئی اور اس کے بعد ان کے والد کا صرف ایک ہی مقصد تھا کہ ڈاکٹر ثمر اقبال زیادہ سے زیادہ علم حاصل کریں، جس کے بعد گوجرانوالہ میں ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد ڈاکٹر ثمر اقبال نے بھی جزوقتی ملازمتوں کے ساتھ اپنی تعلیم کا سلسلہ برقرار رکھا اور بالاآخر امریکا سے پردو یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ وہی یونیورسٹی ہے جہاں سے چاند پر پہلا قدم رکھنے والے نیل آرمسٹرانگ نے تعلیم حاصل کی تھی۔ ڈاکٹر ثمر اقبال نے انسانی ڈی این اے میں اہم تخلیقی خدمات انجام دی ہیں جس کے باعث ان کو امریکا میں چار لاکھ ڈالر کے ساتھ صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ ڈاکٹر ثمر اقبا ل کو ڈھائی ملین ڈالر کی دیگر تحقیقاتی فنڈنگ بھی ہوچکی ہیں، اس لیے آج کل جاپان میں انتہائی اہم کانفرنس میں شرکت کیلئے جاپان کے دورے پر ہیں، ڈاکٹر ثمر اقبال کے مطابق اس وقت پاکستان کے روشن مستقبل کا دارومدار صر ف اور صرف معیاری تعلیم پر ہے۔ تقریب میں معروف سماجی شخصیات جن میں جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر چوہدری شاھد رضا، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے جنرل سیکریٹر ی الطاف غفار، منہاج القرآن جاپان کے صدر انعام الحق، پیپلز پارٹی جاپان کے صدر نعیم آرائیں، بھٹو ہاؤس جاپان کے بانی سائیں سلیم شیرو، پاکستان ایسوسی ایشن سائی تامہ کے صدر چوہدری نوید، عبد الرحیم آرائیں، پاک جاپان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر راشد صمد خان، پیپلز پارٹی کے نائب صدر رانا عامر سمیت بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔