تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
27 جولائی 2013
وقت اشاعت: 19:59

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری اسی ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

جیو نیوز - اسلام آباد…امریکی وزیر خارجہ جان کیری اسی ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم ہاوٴس اور وزارت خارجہ کے ذرائع نے بھی تصدیق کر دی لیکن حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جا رہا۔جان کیری کے بار بار دورہ پاکستان کے التوا کا معمہ حل ہونے کو ہے ، سرکاری ذرائع کا کہناہے کہ پہلی بار مارچ میں وہ اس لیے نہیں آئے کہ پاکستان میں نگراں حکومت تھی، پھر مئی میں عام انتخابات آڑے آ گئے ، جون میں مصر کے حالات نے اجازت نہ دی اور رواں ماہ کے وسط میں ذاتی وجوہات نے روک لیا۔ اب وزیراعظم ہاوٴس اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ سطح ذرائع تصدیق کررہے ہیں کہ امریکی وزیرخارجہ کا دورہ اسی ماہ میں ہوگا لیکن حتمی تاریخ پھر نہیں بتائی جارہی تاہم اندازہ لگانا بھی کچھ زیادہ مشکل نہیں۔ وہ یوں کہ جان کیری کا دو رہ پاکستان دو روزہ ہو گا اور اب جولائی ختم ہونے میں آخر دن ہی کتنے باقی ہیں۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا دورہ پاکستان نواز حکومت کے ساتھ امریکا کا پہلا باضابطہ براہ راست اعلیٰ سطح کا رابطہ ہوگا۔ ایک حکومتی ذریعے کا کہناہے کہ امریکی وزیرخارجہ کے ساتھ مذاکرات کا ایجنڈا تیار کیاجارہاہے اور اس حوالے سے سیکریٹری خارجہ مسلسل وزیراعظم کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق وسیع البنیاد پاک امریکا تعلقات اور مشترکا مفادات کا حصول مذاکراتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے ، دوطرفہ تجارت وسرمایہ کاری کا فروغ،افغان امن مذاکرات اور نیٹو فورسز کا انخلاء ، توانائی بحران پر قابو پانے میں امریکی معاونت اور دہشت گردی سمیت ڈرون حملوں کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہو گا۔جاں کیری ہندوستان کا دورہ کرچکے ہیں اور امریکی انتظامیہ میں پاکستان کے قریبی دوست اور ہمدرد جانے جاتے ہیں ،ان کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے امریکا اور نواز حکومت کے مستقبل میں تعلقات کی سمت واضح ہوجائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.