تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
3 اگست 2013
وقت اشاعت: 7:11

پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جاپانی سرکاری ادارے جیٹرو کاسیمینار

جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جاپانی سرکاری ادارے جیٹرو JETROکی جانب سے گزشتہ روز ٹوکیو میں اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں جاپان بھر سے تین سو سے زائد معروف جاپانی کاروباری اداروں کے سربراہو ں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جیٹرو کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ دائیسوکے ہیراتسوکا نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان سرمایہ کاری کیلئے منافع بخش ملک ہے جہاں جاپانی سرمایہ کار بھاری منافع حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ کئی جاپانی کاروباری ادارے پاکستان میں کاروبار کررہے ہیں، ان کا سالانہ منافع بھی دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان فاروق عامل نے اپنے خطاب میں پاکستان میں ہونے والی مثبت معاشی سرگرمیوں سے جاپانی سرمایہ کاروں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اسٹاک مارکیٹ اس وقت دنیا کیلئے ایک مثال ہے جس کے انڈکس میں گزشتہ ایک سال کے عرصے میں چالیس فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو ایک مثال ہے، اس کے علاوہ پاکستان میں تاحال ایک سو پچاسی ارب ٹن کے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں جن کا اگر صرف دو فیصد بھی استمال میں لایا جائے تو پاکستان بیس ہزار میگا واٹ بجلی بنا سکتا ہے، اس منصوبے میں جاپانی سرمایہ کار سرمایہ کاری کرکے بھاری منافع حاصل کرسکتے ہیں، پاکستان میں لوہے کے ایک ہزار ملین ٹن ذخائر موجود ہیں اسی طرح پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں دنیا کے ساتویں سب سے بڑے کاپر اور سونے کے ذخائر موجود ہیں۔ سفیر پاکستان نے جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کرنے کی بھی دعوت دی، نیز تین سو سرمایہ کاروں کو آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی ایکسپو پاکستان میں شرکت کی بھی دعوت دی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.