تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
28 اگست 2013
وقت اشاعت: 23:58

شام کیخلاف مذمتی قرار داد میں روس کی ہٹ دھرمی رکاوٹ ہے: امریکا

جیو نیوز - اقوامِ متحدہ…اقوامِ متحدہ کی ٹیم نے شام میں مبینہ کیمیائی حملوں کے مقام کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ روس نے پھر واضح کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ سے پہلے شام کے خلاف فوجی کاررائی نہیں ہونی چاہیے، برطانیہ نے بھی اس موقف کی تائید کردی ہے۔ شام میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مخالفین کیخلاف مبینہ کیمیائی ہتھیاراستعمال کرنے کی اطلاعات کے بعد بشارالاسد حکومت کے خلاف کارروائی کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شام پر حملے سے متعلق ایک قرارداد پیش کی گئی تھی جس پرگرماگرم بحث ہوئی۔ واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف کا کہنا تھا کہ امریکا شام میں کیمیائی حملوں کاذمے دار صدربشارالاسد کوسمجھتاہے۔ ترجمان نے سلامتی کونسل میں روس کے رویے پربھی کڑی تنقید کی اور کہاکہ روس کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سیکیورٹی کونسل میں شام میں زہریلی گیس کے استعمال کیخلاف مذمتی قرارداد منظور نہ ہو سکی۔ شام کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے بڑے مخالف روس کا کہناہے کہ اقوامِ متحدہ کا فیصلہ آنے سے پہلے، طاقت کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ روسی وزیرِ خارجہ نے اپنے برطانوی ہم منصب کو بھی اس موقف پر قائل کر لیا ہے اور اب برطانیہ نے بھی اقوامِ متحدہ کی رپورٹ آنے تک شام کے خلاف فوجی کارروائی کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔ادھر دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسپکٹروں کی ٹیم نے اسپتالوں سے مبینہ کیمیائی حملوں کا شکار ہونے والے افراد کے نمونے حاصل کرلیے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون یہ واضح کر چکے ہیں کہ تمام تحقیقات مکمل ہونے میں مزید تین سے چار دن لگیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.