1 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 22:46
شام کیخلاف اقوام متحدہ اور عالمی برادری ٹھوس اقدامات کرے: عرب لیگ
جیو نیوز - قاہرہ…عرب لیگ نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے دمشق حکومت کیخلاف سخت ترین اقدامات پرزوردیاہے۔ ادھر امریکا نے پانچویں بحری جنگی بیڑے کے بعدایمفیبیس شپ بھی بحیرہ روم روانہ کردیا۔ قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پیش کی گئی قراردادمیں مطالبہ کیاگیاہے کہ عالمی برادری بین الاقوامی قوانین اوراقوام متحدہ کے چارٹرکے تحت شام کے معاملے میں اپنی ذمے داریاں پوری کرے، مبینہ کیمیائی حملے کی ذمے دارشام کی حکومت کیخلاف سخت ترین اورضروری اقدامات کیے جائیں اورکیمیائی حملے کے مرتکب افراد پرجنگی جرائم کے مقدمہ چلایا جاناچاہیے۔اس سے پہلے عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیرخارجہ سعودالفیصل کاکہناتھاکہ شام کے عوام نے امریکی حملے کی حمایت کی توسعودی عرب ان کیساتھ ہوگا۔ شامی اپوزیشن اتحاد کے سربراہ احمدالجربہ نے بھی عالمی برادی سے اپیل کی کہ وہ شام کے کیمیائی ہتھیاروں کیخلاف کارروائی کریں۔ ادھرامریکانے پانچویں بحری جنگی بیڑے کے بعدپانی اور خشکی میں چلنے والا ایمفیبیس شپ بھی بحیرہ روم روانہ کردیا۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ایک دفاعی عہدیدارنے نام ظاہر نہ کرنیکی شرط پربتایاکہ ایمفیبیس شپ پر کئی ہیلی کاپٹرز اور سیکڑوں میرینزسوارہیں جبکہ دیگر بحری بیڑوں پرکروزمیزائل موجودہیں جوصدراوباماکے حکم کے منتظرہیں۔دوسری جانب روحابیہ اوردمشق کے نواح میں فوج کے حملے میں بچوں سمیت بارہ افرادجاں بحق ہوگئے۔ درامیں کاربم دھماکے میں خاتون اور دوبچے جان سے گئے۔