12 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 1:18
بحرہند میں طوفان، آج شام تک بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کاخدشہ
جیو نیوز - نئی دہلی…بین الاقوامی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان "پھیلن" کیٹگری 5 میں ہے اور آج شام تک طوفان کے بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے سے خوفناک تباہی کا خدشہ ہے۔سمندری طوفان پھیلن بھارت کے جنوب مشرقی ساحل سے شمال مغربی ساحلوں کی جانب بڑھ رہا ہے، ریاست آندھرا پردیش اور اڑیسہ کے ساحلی علاقے طوفان کی زدمیں آئیں گے۔ ریاست اڑیسہ کے 14 ضلعوں میں وارننگ جاری کر دی گئی ہے اورساحلی پٹی کے ڈھائی لاکھ سے زیادہ افرادمحفوظ مقامات پرمنتقل ہوگئے ہیں۔طوفان سے ایک کروڑ 20 لاکھ افرادکے متاثرہونے کاخدشہ ہے۔بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان پھیلن شمال مغربی ساحلی پٹی سے 700 کلومیٹر دور رہ گیا ہے۔ طوفان کے نزدیک آتے ہی تیزبارشوں کاسلسلہ شروع ہوگااور ساحل پر 3میٹربلندلہریں ٹکرانے کاخدشہ ہے۔امریکی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سمندری طوفان پھیلن بھارتی ساحل سے 315 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکراسکتا ہے۔