17 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 7:39
امریکا کا اقتصادی بحران ٹل گیا، کانگریس سے بل منظور،اوباما کے دستخط
جیو نیوز - نیویارک…امریکا میں اقتصادی بحران کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ شٹ ڈاوٴن کے خاتمے اور قرض کی حد بڑھانے کا بل کانگریس سے منظور کرلیا گیا، صدر اوباما کے دستخط کے بعد یہ بل قانون بن گیا ہے۔امریکا میں مالیاتی بل پر حکومت اور اپوزیشن کے تنازع کے باعث یکم اکتوبر سے کئی سرکاری ادارے بندش کا شکار تھے۔قرض کی حد میں اضافے کی ڈیڈ لائن بھی قریب آرہی تھی جس کی وجہ سے امریکا کو نادہندگی کا خطرہ تھا اور امریکا سمیت دنیا بھر کی معیشت پر بحران کا سایہ منڈلا رہا تھا۔16 دن کی محاذ آرائی کے بعد ری پبلکن اور ڈیموکریٹ مفاہمتی راستہ نکالنے پر آمادہ ہوئے اور شٹ ڈاوٴن کے خاتمے اور قرض کی حد میں اضافے کا بل سینیٹ اور ایوان نمایندگان سے منظور کرلیا گیا۔کانگریس کی منظوری کے بعد امریکی صدر بارک اوباما نے بل پر دستخط کردیے جس کے بعد امریکا میں جاری اضطراب کی لہر کا خاتمہ ہوگیا۔وائٹ ہاوٴس میں صحافیوں سے مختصرخطاب میں صدرباراک اوباما نے کہا کہ ڈیموکریٹس اورریپبلکن کو ملک کوآگے لے جانے کیلیے اسی طرح اتحاد کامظاہرہ کرنا ہوگا۔اراکین کانگریس کی ترجیح سیاست نہیں بلکہ ملکی مفاد ہونا چاہیے۔