29 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 1:11
برطانیہ اور جرمنی سمیت مغربی یورپ میں طوفان سے تباہی،15 افراد ہلاک
جیو نیوز - لندن/برلن…سینٹ جوڈ طوفان نے برطانیہ اور جرمنی سمیت مغربی یورپ میں تباہی مچادی،پاکستانی نژاد خاتون سمیت15 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کئی شہروں میں مواصلات کا نظام متاثر ہوا ہے۔برطانیہ اورمغربی یورپ کے ساحلی علاقے شدیدطوفان کی زدمیں ہیں اوران سے ہونے والی تباہی کے سبب اموات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔99میل فی گھنٹہ کی رفتارسے چلنے والی آندھی گھروں سے ٹکرائی توسیکڑوں مکانوں کوڈھانچوں میں تبدیل کردیا۔پوش آبادیاں بھی جنگ سے متاثرعلاقوں کامنظرپیش کررہی ہیں۔لندن میں گھرمیں گیس کادھماکاہونے سے 2افرادہلاک ہوئے۔سینٹرل لندن میں وزیراعظم کیمرون کی رہائش گاہ کے قریب ایک بڑی تعمیراتی کرین گرپڑی جس سے عمارت کو شدیدنقصان پہنچا۔بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ پیداہونے سے انگلینڈکے علاقے کینٹ میں نیوکلیئرپاورپلانٹ کے دو ری ایکٹرز بندہ وگئے۔ تقریبا 3 لاکھ افرادبجلی سے محروم رہے۔یورپ کے مصروف ترین ہیتھروائرپورٹ پر150کے قریب پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ درجنوں تاخیرکاشکارہوئیں۔وزیراعظم نوازشریف کاطیارہ بھی دیر سے لندن پہنچا۔ڈنمارک میں 120میل فی گھنٹہ اور جرمنی میں 105میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی نے مواصلات کانظام بری طرح متاثرکیا۔فرانس کے شمالی علاقے بھی طوفان سے بری طرح متاثرہوئے ہیں۔سوئیڈن کے جنوبی علاقوں میں بھی طوفان کے اثرات ہوئے ۔سوئیڈن اورڈنمارک میں بھی ٹرینوں کی سروس معطل رہی ۔ایمسٹرڈیم کاسینٹرل ریلوے اسٹیشن بند کردیاگیا۔جرمنی میں 6، برطانیہ میں 5اور نیدرلینڈز اورڈنمارک میں ایک ایک شخص حادثات میں ماراگیا۔