تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
30 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 23:20

اقوام متحدہ کی جاسوسی نہیں کرتے، امریکا کی ادارے کو یقین دہانی

جیو نیوز - واشنگٹن…امریکا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کی نہ پہلے کبھی جاسوسی کی گئی اور نہ آئندہ کبھی کی جائے گی۔ دوسری جانب برطانیہ اور جرمنی سمیت یورپی ممالک کو امریکا کے جاسوسی پروگرام پر اب بھی تحفظات ہیں۔ جاسوسی نہ کیے جانے کی یقین دہانی پر اقوام متحدہ کو تو تسلی ہوگئی تاہم یورپی ملکوں سمیت کئی ممالک امریکا کے جاسوسی پروگرام سے ناراض ہیں۔ یورپی یونین کا وفد اس سلسلے میں بات چیت کے لیے امریکا کے دورے پر ہے اور نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے سربراہ سمیت اعلیٰ امریکی عہدے داروں سے ملاقات کرچکا ہے۔ واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یورپی پارلیمنٹ میں برطانوی ممبر کلاڈ موریز کاکہنا تھا کہ بغیر کسی مناسب وجہ کے دوست ممالک کی جاسوسی بالکل قابل قبول نہیں۔جرمنی کے نمایندے نے کہا کہ جرمن چانسلر ہو یا عام شہری، کسی کی جاسوسی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جاسوسی پروگرام سے امریکا کا تشخص متاثر ہوا ہے۔ادھر ویٹی کن سٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انھیں اس بات کا کوئی علم نہیں کہ امریکی ایجنسی پوپ کی جاسوسی کرتی ہے یا نہیں اور انھیں اس سے کوئی فرق بھی نہیں پڑتا۔دوسری جانب امریکی شہریوں نے اس معاملے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، کچھ نے عالمی رہنماوٴں کی جاسوسی کو نامناسب قرار دیا جبکہ کچھ کاکہنا ہے کہ یہ معمول کی بات ہے تمام ممالک ایک دوسرے کی جاسوسی کرتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.