12 نومبر 2015
وقت اشاعت: 6:5
مودی کا دورۂ یورپ، پیرس میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان
جیو نیوز - پیرس......رضا چوہدری......بھارتی وزیر اعظم نریند مودی کے دورہ یورپ کے موقع پر پیرس میں جمعہ کو بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلانکیا گیا ہے۔ احتجاج پیرس کے تاریخی ’ایفل ٹاور‘ کے سامنے ہوگا اور اس میں فرانس میں مقیم پاکستانی ،خاص کر آزاد کشمیر کے شہری اور سکھ کمیونٹی و سول سوسائٹی کے افراد حصہ لیں گے۔
مظاہرے کے منتظمین میں شامل کشمیری رہنما زاہد ہاشمی نے ’جنگ ‘کو بتایا کہ تحریک انصاف، مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماوٴں سمیت دیگر تمام گروپس اس مظاہرے میں شرکت کریں گے۔
خواتین کی جانب سے بھی اس مظاہرے میں بڑے پیمانے پر شرکت کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ان خواتین میں آرگنائزر برائے کشمیر شہلیہ رضوی ،پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر روحی بانو، معروف فیشن ڈیزائنر نینا خان، سماجی وادبی شخصیت شاہ بانو میر اور ترجمان پی ٹی آئی ناصرہ فاروقی شامل ہیں۔
مظاہرے کے ممکنہ شرکا ء کا کہنا ہے کہ نریندر سنگھ مودی کی پالیسیوں کے خلاف ان کا احتجاج ایوانوں کو ہلادے گا اور اس کی آواز پورے یورپ میں گونجے گی۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ مظاہروں کایہ سلسلہ صرف پیرس یا فرانس تک ہی محدود نہیں رہے گا بلکہ نریندسنگھ مودی جہاں جہاں اور جن یورپی ممالک کا دورہ کریں گے وہاں احتجاج ہوگا۔