12 نومبر 2015
وقت اشاعت: 7:48
ایئر پورٹ ٹیپو سلطان سے منسوب کرنے کی تجویز پرڈرامہ نگار کو دھمکیاں
جیو نیوز - کرناٹک......بھارت میں انتہا پسندی کی آگ ٹھنڈی ہونے کے بجائے پھیلتی جارہی ہے۔ اب کرناٹک کے ایک ڈرامہ نگار کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ اور جرم ہے ائر پورٹ کو ٹیپو سلطان سے منسوب کرنے کی تجویز دینا۔
اگر کیمپے گوڑا ائر پورٹ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز دی تو کرناڈ کا انجام اچھا نہیں ہوگا ۔ ٹوئٹر پر آنے والے اس پیغام نے جنونی بھارتیوں کے چہرے سے سیکولرازم کا نقاب ایک بار پھر اتار پھینکا۔
کرناٹک کے ڈرامہ نگار گریش کرناڈ نے بنگلورو کے کیمپے گوڑا ائر پورٹ کا نام ٹیپو سلطان کے نام پر رکھنے کی تجویز کیا دی، ریاست میں طوفان برپا ہوگیا۔ نہ صرف ٹوئٹر پر جان سے مارنے کی دھمکی ملی بلکہ ہندوؤں اور ووکا لیگا برادری کی توہین کرکے معاشرتی ہم آہنگی درھم برھم کرنے کی شکایت بھی پولیس کو کردی گئی۔
کرناڈ کا قصور بس یہ کہنا تھا کہ ٹیپو سلطان اسی سرزمین پر پیدا ہوئے، اگر ائرپورٹ ان کے نام سے منسوب ہو تو زیادہ اچھا ہوگا۔کرناڈ نے یہ بھی کہا تھا کہ ٹیپو سلطان اگر مسلمان کے بجائے ہندو ہوتے تو انہیں وہی درجہ ملتا جو مہاراشٹر میں شیوا جی کو حاصل ہے۔
کرناڈ نے سخت ردعمل کو دیکھتے ہوئے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر دھمکیوں کے حوالے سے کرناڈ نے کوئی شکایت کی تو کارروائی کی جائے گی۔