تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
13 نومبر 2015
وقت اشاعت: 14:20

برطانوی اخبارات نے مودی کو ان کا ماضی یاد دلا دیا

جیو نیوز - کراچی.... فاضل جمیلی ....بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو برطانیہ یاترا کے دوران اسٹیٹ گیسٹ کے طور پر گارڈ آف آنر سے لے کر ملکہ برطانیہ کے ساتھ لنچ تک ہر وہ احترام دیا جا رہا ہے جو باہر سے آنے والے کسی بھی سربراہِ مملکت کو دیا جاتا ہے لیکن اس کا کیاکیا جائے کہ مودی جہاں بھی جاتے ہیں ان کا ماضی ان کے ساتھ ساتھ جاتا ہے۔

برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران بھی جہاں وزیراعظم کیمرون نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ مودی نے انہیں اور ان کی اہلیہ کو تحائف دیے۔آج مودی نے برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کیااور ملکہ نے ان کے اعزاز میں لنچ دیا۔برطانوی اخبارات میں ان تمام مصروفیات کا ذکر کم اور مودی کے ماضی کا چرچا زیادہ ہے۔

لگ بھگ تمام برطانوی اخبارات نے بھارتی وزیراعظم کی سرکاری مصروفیات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے قارئین کو ان کا ماضی یاد دلایا ہے جب وہ برطانیہ کے لیے "ناپسندیدہ شخصیت" تھے۔"ڈیلی ٹیلیگراف" نے مودی اور کیمرون کی تصویر کے نیچے انتہائی سخت سرخی جمائی ہےکہ"شاہی تقریب اور شان و شوکت ایک سابق اچھوت کے لیے"۔ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے کہ "سب کچھ بھلا دیا، مسٹر مودی"۔

"دی ٹائمز " نے اپنی رپورٹ میںوزیراعظم کیمرون کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ برطانیہ نریندر مودی کے حقوقِ انسانی کے حوالے سے سابقہ ریکارڈ کے باوجود دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی کوششیں جاری رکھے گا۔"گارجین" نے یہ سرخی جمائی ہے کہ "ناپسندیدہ مودی کے لیے سخت سیکورٹی اور کیمرون کی تعریفیں"۔

کیمرون سے ملاقات کے بعد مودی کو کچھ صحافیوں کے سخت سوالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔جس کے جواب میں مودی کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے انہیں کبھی یہاں آنے سے نہیں روکا۔ وہ تنگی ء وقت کے باعث خود نہیں آ سکے۔"انڈیپنڈنٹ" نے مودی کی اس وضاحت کے باوجود انہیں "ناپسندیدہ شخصیت" ہی لکھا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ "انڈیپنڈنٹ" نے ایک ہلا دینے والا کارٹون بھی شائع کیا ہے جس میں مودی ، کیمرون کے ساتھ خون میں رنگے ہاتھوں کے ساتھ محوِ گفتگو ہیں اور اور مہاتما گاندھی کا مجسمہ انہیں دیکھ رہا ہے۔مبصرین کا خیال ہے کہ جب مودی ویمبلے اسٹیڈیم میں ساٹھ ہزار افراد سے خطاب کے بعد سرشاری کے عالم میں واپس جائیں گے اور برطانوی اخبارات پر ایک نظر ڈالیں گے تو ماضی کا بھوت انہیں چین سے سونے نہیں دے گا۔



متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.