13 نومبر 2015
وقت اشاعت: 18:20
لبنان خودکش حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی
جیو نیوز - بیروت .........لبنان کے دارلحکومت بیروت میں دو خودکش حملوں میں 43 افراد کی ہلاکت اور 239 کے زخمی ہو جانے پر ملک بھر میں جمعہ کے روز قومی سوگ منایا گیا۔
ان ہلاکت خیز حملوں کی ذمہ داری انتہا پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بیروت کے نواحی جنوبی علاقے کو خودکش حملوں کا نشانہ بنانے پر عرب ملکوں سمیت دنیا بھر سے مذمتی ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔سعودی عرب نے بیروت میں دو الگ الگ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بیروت میںسعودی سفیر علی عواض عسیری نے سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے لبنانی حکومت، عوام اور حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔فرانسیسی صدر فرنسوا اولاند نے خونریز حملے پر اپنے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک گھٹیا اقدام قرار دیا ہے۔
امریکا نے دوہرے خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے قابل نفرت اقدام قرار دیا۔وائٹ ہاس کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ایسے دہشت گرد اقدام صرف لبنان کی ریاست کے اداروں بشمول سکیورٹی سروسز کے لیے ہماری اس حمایت کے عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں جس کا مقصد ایک مستحکم، خودمختار اور محفوظ لبنان کو یقینی بنانا ہے۔اردن نے بھی بیروت کے جنوبی علاقے میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔
مصر کی معروف دینی درسگاہ جامعہ الازہر نے بھی جنوبی بیروت حملوں کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں جامعہ ازہر نے لبنانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ملک کو علاقائی جنگوں سے اثرات سے محفوظ رکھیں۔فلسطینی صدر محمود عباس نے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کو ٹیلی فون کر کے ان سے بیروت حملوں پر اظہار تعزیت کیا ہے۔