14 نومبر 2015
وقت اشاعت: 8:30
اسپین، پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اقبال ڈے کی پر وقار تقریب
جیو نیوز - بارسلونا......شفقت علی رضا......اسپین میں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کا کام کرنے والی ایسوسی ایشنز ” پاکستانی فیملیز اور رائے اکبر “ کے زیر اہتمام علامہ اقبال ڈے کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔
تقریب کے صدر ویلفیئر قونصلر بارسلونامحمد اسلم خان غوری نے علامہ اقبال کے دورہ اسپین پر خصوصی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال مسجد قرطبہ کو ہسپانیہ کا حرم قرار دیتے تھے اور انہوں نے اپنے دورہ ہسپانیہ اور مسجد قرطبہ کے بارے میں معرکۃ الارہ نظمیں بھی لکھیں ۔
علاوہ ازیں چوہدری عبدالغفار مرہانہ ،حاجی اسد حسین ، راجہ گلبہار ، راجہ گلفراز ایڈووکیٹ ،حافظ احمد خاں،سعید شاہ اور مرزا ندیم بیگ نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔
مقررین کا کہنا تھا شاعر مشرق علامہ اقبال نہ صرف شاعر تھے بلکہ انہوں نے امت مسلمہ کی بیداری اور عشق مصطفی ﷺ کو اپنی شاعری کا ذریعہ بنایا ۔انہوں نے امت مسلمہ کو اس کے عروج و زوال کے اسباب اور دوبارہ عروج و بلندی کے لئے طریقے بھی واضح کئے ۔
تقریب میں جمی شیخ اور قدیر احمد خان نے ترنم سے کلام اقبال پیش کیا اور شرکاء سے داد وصول کی ۔
روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ویلفیئر قونصلر بارسلونا محمد اسلم خان غوری نے کہا کہ بارسلونا میں یوم اقبال کے حوالے جو تقریب منعقد کی گئی ہے اس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کی غماز ہے کہ پاکستانی کمیونٹی ملک میں ہو یا ملک سے باہر ہو اپنے اکابرین کے ایام نہیں بھو لتی اور ان دنوں کو جوش و جذے سے مناتی ہے ۔
واضح رہے کہ یورپ بھر میں پاکستانی قومی اور مذہبی دنوں کی تقریبات مقامی حکومتوں کی اجازت اور مقامی تعطیلات کی وجہ سے پورامہینہ جاری رہتی ہیں۔