تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
14 نومبر 2015
وقت اشاعت: 11:25

آنگ سان سوچی کون ہیں؟

جیو نیوز - کراچی.....فاضل جمیلی.....میانمار میں 25سال بعد ہونے والےعام انتخابات میںآنگ سان سوچی کی قیادت میں حزب اختلاف کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) نے دوتہائی اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق انتخابات جیتنے والی جماعت کو آئین کے تحت اپنا صدر منتخب کرنے کا بھی اختیار مل گیا ہے۔

آنگ سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی نے 80 فیصد سے زائد نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ آئین کے تحت ایک چوتھائی نشستیں فوج کو دی گئی ہیں جس کا مطلب ہے کہ ملک میں طویل عرصے بعد قائم ہونے والی جمہوری حکومت کے باوجود فوج کا اثر و رسوخ برقرار رہے گا۔

آنگ سان سوچی کون ہیںاور ان کی کامیابی تاریخی حیثیت کی حامل کیوں ہے؟ ان کے حالاتِ زندگی کا اجمالی جائزہ لیا جائے تو ان کی پوری زندگی ملک میں جمہوری آزادیوں کے لیےکی جانے والی جدوجہد سے عبارت دکھائی دیتی ہےاوران پر حبیب جالب کا یہ مصرعہ صادق آتا ہے کہ ’’ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے‘‘۔

وہ 19جون1945ء کو موجودہ میانمار کے بابائے قوم جنرل آنگ سان کے ہاں پیدا ہوئیں۔ وہ دوسال کی تھیں کہ ان کے والد کو قتل کر دیا گیا۔ بعدازاں جب ان کی والدہ کو دہلی میں میانمار کی سفیر مقرر کیا گیا تو آنگ سان سوچی بھی ان کے ساتھ تھیں۔ ابتدائی تعلیم انہوں نے بھارت ہی میں حاصل کی۔

بھارت میں اسکول اورکالج میں زیرتعلیم رہنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے آنگ سان سوچی نے آکسفورڈیونیورسٹی برطانیہ میں داخلہ لیا اور وہاں سے فلسفے، سیاست اور معاشیات کی ڈگری حاصل کی۔ 1972ء کی یکم جنوری کو انہوں نے تبتی اسکالر مائیکل ایرس سے شادی کر لی جن سے ان کے دو بیٹے الیگزینڈر اور کِم ہیں۔

میانمار کے قانون کے مطابق سوچی کو صدر کا عہدہ اس لیے نہیں مل سکتا کیونکہ ملکی قانون کے مطابق کوئی ایسا شخص صدر کا عہدہ نہیں لے سکتا جس کے بچوں کے والدین میں سے کوئی ایک غیر ملکی ہو۔ سوچی کے دونوں بیٹوں کے والد برطانوی شہری ہیں۔

1988ء میں جب میانمارسیاسی طور پر انتشار کا شکار تھا تو آنگ سان سوچی اپنی بیمار والدہ کی دیکھ بھال کے لیے واپس آ گئی تھیں۔جب انہوں نے ملک میں پائی جانے والی سیاسی بے چینی کو دیکھا تو انہوں نے اس وقت حکومت پر قابض جنرل کے خلاف اپنی پہلی تقریر کی۔

1989ء میں فوجی جنتا نے ملک میںآنگ سان سوچی کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثرورسوخ کو کم کرنے کے لیے انہیں گھر میں نظربند کر دیا۔اس کے ایک سال بعد ملک میں عام انتخابات ہونے تھے۔1990ء کے ان انتخابات میں ان کی پارٹی جیت گئی تھی لیکن فوجی جنتا نے اسے اقتدار منتقل کرنے سے انکارکردیا۔

آنگ سان سوچی نے نیشنل لیگ فارڈیموکریسی(این ایل ڈی) مہاتماگاندھی اورمارٹن لوتھر کنگ جونیئر سے متاثر ہوکر بنائی تھی۔1991ء میں انہیں ملک میں پرامن جمہوری جدوجہد کے صلے میں امن کا نوبیل انعام دیا گیا لیکن وہ نظربند ہونے کی وجہ سے یہ انعام وصول کرنے نہیں جا سکیں۔

چھ سالہ نظربندی کے بعد 1995ء میں انہیں رہا کر دیا گیا،لیکن ایک پھنسی ہوئی ہرنی کی طرح انہیں آزادی کے ساتھ نہیں رہنے دیا اور باربار نظربند کیا جاتا رہا۔اسی دوران 1999ء میں ان کے شوہر کا کینسر کی وجہ سے انتقال ہو گیا جن کا آخری دیدار بھی انہیں نہیں کرنے دیا گیا۔

تسلسل کے ساتھ نظربندرہنے کے بعد2010ء میں انہیں رہا کر دیا گیا لیکن میانمار میں 20سال بعد ہونے والے عام انتخابات میں انہیں حصہ نہیں لینے دیا گیا۔تاہم 2012ء کے ضمنی الیکشن میں انہوں نے کامیابی حاصل کر لی جس کے نتیجے میں وہ قائدحزب ِ اختلاف منتخب ہو گئیں۔

ماہِ رواں کے دوران ہونے والے عام انتخابات میں آنگ سان سوچی کی جماعت نے 80 فیصد سے زائد نشستیں حاصل کی ہیں جو پارلیمینٹ کے دوتہائی سے زائد ہیں۔ جبکہ پارلیمنٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے اور صدر منتخب ہونے کے لیے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے۔

آنگ سان سوچی دنیا بھر میں کسی ملک کی قیادت سنبھالنے والی ساتویں نوبل انعام یافتہ شخصیت ہوں گی۔ اس سے قبل ایسٹ تیمور کے جوزراموس ہورتا، اسرائیل کے شیمون پیریز، جنوبی افریقہ کے نیلسن منڈیلا، پولینڈ کے لیک والسیا، کینیڈا کے لیسٹربائولز اور فرانس کے ارٹسڈبرائینڈایسی شخصیات ہیں جنہیں اقتدار ملنے سے پہلے نوبیل انعام ملا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.