تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
20 نومبر 2015
وقت اشاعت: 12:4

بیت الخلا کی سہولت سے محرومی، پاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر

جیو نیوز - کراچی......رفیق مانگٹ......گھر میں بیت الخلا کی سہولت سے محرومی میں پاکستانی دنیا میں چھٹے نمبر پر ہیں تقریباً سات کروڑ پاکستانیوں کو گھر میں ٹوائلٹ یعنی بیت الخلا کی سہولت دستیاب نہیں، بھارت اس سلسلے میں سرفہرست ہیں جہاں77کروڑ40لاکھ افراد گھریلو ٹوائلٹ کے بغیر ر ہتے ہیں۔

امریکی اخبار”وال اسٹریٹ جرنل “اور برطانوی تھنک ٹینک”واٹر ایڈ“ کے مطابق دنیا میں 65کروڑ افراد کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔2 ارب 30 کروڑ افراد محفوظ اور پرائیویٹ ٹوائلٹ سے محروم ہیں۔

عالمی ٹوائلٹ ڈے کے حوالے سے شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر ہیں جہاں چھ کروڑ چھیاسی لاکھ چھیاسٹھ ہزار آٹھ سو پاکستانی اپنے گھروں میں ٹوائلٹ کی سہولت سے محروم ہیں۔ ڈھائی کروڑ پاکستانی رفع حاجت کیلئے کھلی جگہیں استعمال کرتے ہیں،پاکستان میں 36اعشاریہ پانچ فی صد کو حفظان صحت سے متعلق سہولت میسر نہیں۔45فی صد بچوں کی صحیح نشوونما نہیں ہوپاتی۔

بھارت میں77کروڑ 42لاکھ 22ہزار 300افراد کو گھروں میں ٹوائلٹ کی سہولت میسر نہیں۔بھارت میں اگریہ افراد ایک قطار میں کھڑے ہوئے تو وہ قطار زمین سے چاند تک یا اس سے بھی اگے تک طوالت اختیار کرجائے گی۔ اگران میں سے ہر ایک ٹوائلٹ استعمال کرنے میں کم از کم چار منٹ بھی صرف کرے تو اس قطار کو ختم ہونے میں 5ہزار 8سو 92 سال کا عرصہ لگ جائے گا۔

گھروں میں ٹوائلٹ کی سہولت نہ ہونے میں چین دوسرے، نائجیریا تیسرے،انڈونیشیا چوتھے،ایتھوپیا پانچویں،بنگلادیش ساتویں،کانگو آٹھویں، تنزانیہ نویں اور روس دسویں نمبر پر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت میں 57کروڑ،انڈونیشیا میں5کروڑ، نائجیریا میں ساڑھے چار کروڑ، پاکستان میں ڈھائی کروڑ اورنیپال میں نوے لاکھ افراد رفع حاجت کیلئے کھلی جگہیں استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

بھارت میں ایک مربع کلومیٹر میں اوسطاً173افراد کھلی جگہوں میں رفع حاجت کرتے ہیں پاکستان میں یہ شرح32افراد فی کلومیٹر جبکہ نیپال میں61افراد کی ہے۔

بھارت میں مناسب نکاسی آب کی کمی اور انسانی فضلے کے ذریعے منتقل بیماریوں سے سالانہ لاکھوں افراد مر جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ پانچ سال سے کم عمر تک ایک لاکھ چالیس ہزار بچے اسہال سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔ چالیس فی صد بچوں کی بہتر نشوونما نہیں ہو پاتی۔ان کی عمر اور قد مختصر رہ جاتا ہے۔

کھلی جگہوں میں رفع حاجت کی وجہ سے پھیلنے والے انفیکشن سے منسلک زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

دنیا میں نمونیا اور ملیریا کے علاوہ اسہال بچوں کیلئے آج بھی سب سے بڑی قاتل بیماری ہے۔ بچوں کی مجموعی ہلاکتوں میں سے صاف پانی کی دستیابی ،حفظان صحت اور صابن سے ہاتھ دھونے سے 58فی صد ہلاکتوں سے بچا جاسکتا ہے۔ دنیا بھر میں ہر سال تین لاکھ 14ہزار بچے بچائے جاسکتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.