22 نومبر 2015
وقت اشاعت: 2:3
پیرس حملے:مبینہ مددگارشامی ساتھیوں سمیت ترکی سے گرفتار
جیو نیوز - انقرہ......پیرس حملوں میں مبینہ طور پر مدد دینے والے احمد داہمانی کو 2شامی ساتھیوں سمیت ترکی سے گرفتارکر لیا گیا، جبکہ برسلز کے نواحی علاقے سے 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔جبکہ پیرس میں گرفتار کیے گئے 7افراد کو رہا کردیا گیا ہے۔ادھر اٹلی کے مختلف شہروں میں مسلمان تنظیموں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف مظاہرے کیے گئے ۔
پیرس حملوں کے بعد یورپ اور دیگر ممالک میں حفاظتی انتظامات سخت اوردہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔
ترکی میں 26 سالہ مراکشی نژاد بیلجیئم کے شہری احمد داہمانی کو انطالیہ کے نزدیکی علاقے سے گرفتار کیا گیا، ترک حکام کے مطابق احمد ، داعش کا جنگجو ہے اور غیرقانونی طور پر ترکی سے شام جانے کی کوشش کررہا تھا۔
ترک حکام نے احمد پر پیرس حملہ آوروں سے رابطے میں رہنے کا شبہ بھی ظاہر کیا ہے، احمد کے ساتھ 2شامی شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو شام کی سرحد پار کرانے میں احمد کی مدد کررہے تھے۔
ادھر بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پیرس جیسے دہشتگرد حملوں کے خطرے کے باعث ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، سڑکوں، گلیوں اور اہم مقامات پر ہزاروں فوجی تعینات ہیں،میٹرو ٹرین سروس، ہوٹل، کھیلوں کے میدان، شاپنگ سینٹرز بند کردیے گئے ہیں ، تقریبات بھی منسوخ کردی گئی ہیں اور عوام کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے منع کردیا گیا ہے، پولیس برسلزکےمختلف علاقوں میں چھاپے ماررہی ہے ۔
دوسری طرف پیرس میں پولیس نے سینٹ ڈینی آپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے 7افراد کو رہا کردیا ہے۔