25 نومبر 2015
وقت اشاعت: 9:32
پیرس حملوں کا منصوبہ ساز عبدالحمید اباعود خود تھا
جیو نیوز - پیرس......رضا چوہدری......پیرس حملوں کا منصوبہ ساز اور نگراں عبدالحمید اباعود خود تھا۔ اس بات کا انکشاف ایک فرانسیسی پراسیکیوٹر فرانسوا مولنز نے کیا ہے کہ سینڈیانی میں 18نومبر کی رات ہلاک ہونے والا پیرس حملوں کا مبینہ منصوبہ ساز عبدالحمید اباعود پولیس کی جانب سے بتاکلان تھیٹر کے محاصرے کے وقت اس علاقے میں موجود تھا۔
فرانسوا مولنز نے مزید کہا کہ فون کے ریکارڈز بتاتے ہیں کہ عبدالحمید نے حملے میں خود حصہ لیا اور وہ وہاں میٹرو سے پہنچا مگر دوسرے دہشت گرد کے ساتھ گاڑی میں فرار ہوا جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ حسنہ کے علاوہ سینڈیانی میں دوسرا مارے جانے والا وہی شخص ہے۔
فرانسیسی حکام نے سینڈیانی کا فلیٹ کرائے پر دینے والے جواد بن داوٴد پر بھی دہشت گردی میں تعاون کرنے پر باقاعدہ فرد جرم عائد کر کے اسے حراست میں لے لیا ہے۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ اگر انہیں سینڈیانی آپریشن میں تاخیر ہوجاتی تو بدھ اور جمعرات کو لا ڈیفنس جیسے پوش علاقے خودکش حملے کا نشانہ بن سکتے تھے۔
دوسری جانب بلجیم میں پیرس حملے کے تناظر میں تفتیش کاروں نے محمد عبرینی نامی شخص کا وارنٹ جاری کیا ہے جسے حملے سے دو دن قبل فرانس کے سب سے زیادہ مطلوب صالح عبدالسلام کے ساتھ پیرس کے ایک پیٹرول اسٹیشن پر دیکھا گیا تھا۔عبرینی کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ بھی مسلح اور خطرناک ہے۔