تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
25 نومبر 2015
وقت اشاعت: 14:4

میئر ہیوسٹن کےاُمیدوار سلویسٹر ٹرنر کے اعزاز میں استقبالیہ

جیو نیوز - ہیوسٹن......راجہ زاہد اختر خانزادہ......میئر ہیوسٹن کے عہدے کے اُمیدوار سلویسٹر ٹرنر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جس میں فنڈ ریزنگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

امریکی ریاست ٹیکساس کی اسمبلی کے نمائندے اور میئر ہیوسٹن کے عہدے کے اُمیدوار سلویسٹر ٹرنر کے اعزاز میں استقبالیہ ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مقتدر شخصیات کی جانب سےکیا گیا جس میں پاکستانی کمیوٹی نے شرکت کر کے سلویسٹر ٹرنر کو نہ صرف بھرپور مالی مدد و تعاون کا یقین دلایا بلکہ ان کی انتخابی مہم کے لئے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے 50 ہزار ڈالرز کے عطیات بھی دئیے گئے۔

مذکورہ تقریب کا اہتمام معروف پاکستانی رہنماء اور ہیلری کلنٹن کی فنانس کمیٹی کے رکن طاہر جاوید‘ تاثیر بدر‘ ڈاکٹر یعقوب شیخ‘ سعید شیخ‘ شاہد جاوید‘ محمد ظہیر‘ غلام بمبئے والا‘ ایم جے خان اور ڈاکٹر آصف قدیر نے کیا ۔ اس موقع پر سلویسٹر ٹرنر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر میں میئر منتخب ہو گیا تو ہیوسٹن میں مسلمانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اہم کردار ادا کروں گا جبکہ پاکستانی کمیونٹی کو شہری حکومت کی مختلف کمیٹیوں میں بھرپور نمائندگی بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی کمیونٹی کا ہیوسٹن کی معاشی ترقی میں اہم کردار رہا ہے جس کو ہم کسی طور فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ 10 سال میں ہیوسٹن جو کہ اس وقت امریکا کا چوتھا بڑا شہر ہے‘ مزید ترقی کرے گا اور یہ ترقی آپ کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ انہوں کے کہاکہ جڑواں شہروں کی ایسوسی ایشن کے ذریعے وہ دیگر بین الاقوامی برادریوں سے بھی تعلقات کو مزید استوار کریں گے تاکہ دوطرفہ تعلقات کے ذریعے ہیوسٹن شہر کو مزید ترقی دی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ آج کل جس طرح مذہبی منافرت سے متعلق واقعات امریکا میں جنم لے رہے ہیں اس کے لئے میں آپ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم کسی طرح بھی ایسے ماحول کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے۔ تقریب کی نظامت ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر اور معروف کمیونٹی رہنماء سعید شیخ نے کی جنہوں نے پروگرام کے اغراض و مقاصد سے مہمانوں کو آگاہ کیا۔

تقریب سے امریکی رکن کانگریس شیلا جیکس لی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہیوسٹن کو اس وقت ٹرنر جیسے راہنماء کی ضرورت ہے جنہوں نے اپنے 26 سال بحیثیت ریاست ٹیکساس کے نمائندے کے صَرف کئے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کئے۔ شیلا جیکسن نے مزید کہاکہ مجھے ہمیشہ ہیوسٹن کی پاکستانی کمیونٹی پر فخر رہا ہے کہ یہ کمیونٹی نہ صرف امریکا کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ انہوں نے سیاسی میدان میں بھی ہمیں نہ صرف ووٹ دئیے بلکہ اپنی طرف سے عطیات دے کر ہماری انتخابی مہم کو کامیابیوں سے ہمکنار کیا جس پر وہ ان کی شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے کانگریس میں ہمیشہ پاکستان کے مفادات کی بات کی ہے اور آئندہ بھی پاکستان کے مفادات اور وہاں پر جمہوریت اور جمہور کیلئے مجھ سے جو کچھ ہو سکا‘ میں ان کی بھرپور مدد و تعاون کروں گی۔

پروگرام کے میزبان تاثیر بدر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کہاکہ پاکستانی امریکن امریکا کی ترقی و ترویج میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ معروف بزنس مین طاہر جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بزنس کمیونٹی نے امریکا کے کئی شہروں اور ہیوسٹن کو معاشی استحکام پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ ٹرنر سے اُمید رکھتے ہیں کہ میئر منتخب ہونے کے بعد وہ پاکستانی کمیونٹی کو فراموش نہیں کریں گے۔

ڈاکٹر یعقوب شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سلویسٹر ٹرنر سے ان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور ان کو ہر موقع پر ایک بہتر شخص پایا اس لئے ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ تقریب میں میئر کے عہدے کے اُمیدوار سلویسٹر ٹرنر کا تعارف پولیس شیرف ایڈرن گارسیا نے کرایا جو کہ چند ہفتے قبل ہی سلویسٹر ٹرنر کے مقابلے میں میئر کے عہدے کی دوڑ سے دستبردار ہو ئے ہیں۔ واضح رہے کہ سلویسٹر ٹرنر الیکشن کے پہلے رائونڈ میں سرفہرست ہیں جبکہ دوسرے رائونڈ کے لئے انتخابات 25 دسمبر کو منعقد ہوں گے اور امکان یہی ہے کہ سلویسٹر ٹرنر ہیوسٹن میئر کے انتخابات کیلئے منعقدہ یہ انتخاب باآسانی جیت جائیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.