27 نومبر 2015
وقت اشاعت: 7:48
برازیل کی حسین ترین مگر...مجرم خاتون
جیو نیوز - کراچی......ساگر سہندڑو......آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچویں بڑے اور جرائم کے حوالے سے بدترین ممالک میں شمار ہونے والے جنوبی لاطینی امریکی ملک برازیل میں ڈکیتی کے جرم میں 39 سال کی سزا کاٹنے والی خاتون نے برازیل کی ”حسین ترین مجرم خاتون“ کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
فٹ بال کے حوالے سے دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھنے والے ملک برازیل کی قیدی خاتون 27 سالہ مشعل نیری رینگل نے ریو ڈی جنیرو کے تلورا بروس نامی خواتین کے جیل میں ہونے والے ’مس کرمنل 2015‘ کامقابلہ جیت لیا ہے۔
جرائم پیشہ خواتین کے درمیان ہونے والے خوبصورتی کے اس مقابلے میں قتل، ڈکیتی، اغوا، جسم فروشی، جوا ، شراب نوشی اور دھوکا دہی میں ملوث خواتین سمیت ہر طرح کی قیدی خواتین حصہ لیتی ہیں۔
برطانوی اخبار ’ڈیلی مرر‘ کے مطابق ریوڈی جنیرو میں خواتین کی جیل میں ہونے والایہ مقابلہ جیتنے والی لڑکی مشعل کو ڈکیتی کا جرم ثابت ہونے پر 2010 میں عدالت کی جانب سے 39 سال کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ جیل کے اندر جسم فروشی کے الزام میں مشعل کی سزا میں مزید چھ سال کا اضافہ کیا گیا تھا۔مقابلے جیتنے کے باوجود مشعل کی سزا میں کمی نہیں ہوگی تاہم اسے” حسین ترین مجرم خاتون“ کا اعزاز حاصل رہے گا۔
برازیل کے محکمہ انصاف کے مطابق گزشتہ 15 برسوں کے دوران ملک بھر میں جرائم پیشہ خواتین کی تعدادمیں 567فیصد اضافہ ہوا ہے۔برازیلی حکومت اور جیل انتظامیہ کے مطابق سال 2000 میں برازیل کی خواتین ڈکیتی، جسم فروشی، دھوکہ دہی، قتل اور اغوا کی وارداتوں میں کم ملوث ہوتی تھیں۔
ہیومن رائٹس واچ کے مطابق برازیلین قیدیوں کے حوالے سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جہاں37 ہزار قیدیوں کی گنجائش والے جیلوں میں 60لاکھ قیدی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائٹیڈ نیشنزڈولپمنٹ پروگرام کی ایک رپورٹ کے مطابق برازیل قتل و غارت کے حوالے سے دنیا کے 20 بڑے اور بدترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ یہاں ہر ایک لاکھ کی آبادی میں قتل کے35 واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایک اور رپورٹ کے مطابق 1979سے 2003 تک برازیل میں پانچ لاکھ افراد تشدد اور قتل و غارت گری کے واقعات میں مارے جا چکے تھے لیکن حالیہ کچھ سالوں میں اس قسم کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔ سال 2008ء میں گزشتہ 18 سالوں کے دوران برازیل میں سب سے کم قتل ہوئے جبکہ 2009 اور 2011 ’پرامن ‘ رہے ۔
برازیلی حکومت کے مطابق جیلوں میں موجود 60 لاکھ قیدیوں میں سے 6 اعشاریہ 4 فیصد خواتین قیدی ہیں جن میں خوداعتمادی پیدا کرنے اور انہیں جرائم سے دور کرنے کیلئے مقابلہ حسن منعقد کیا جاتا ہے۔
مس کرمنل کا مقابلہ برازیل کی ہر جیل میں منعقد نہیں ہوتا لیکن جس جیل میں مقابلہ ہوتا ہے وہاں کی ہر خاتون قیدی کواس میں حصہ لینے کی اجازت ہوتی ہے۔
برازیل کو حسین ترین مجرم خواتین کا ملک کہا جائے تو کچھ غلط نہیں ہوگا کیوں کہ مس کرمنل کے مقابلے میں حصہ لینے والی خواتین جہاں جوان اور نو عمر ہوتی ہیں وہیں وہ تعلیم یافتہ بھی ہوتی ہیں۔
ریوڈی جنیرو کا تلورا بروس جیل برازیل کا وہ واحد خواتین کا جیل خانہ ہے جہاں سخت سیکورٹی اور مناسب انتظامات کئے جاتے ہیں کیوں کہ اس جیل میں معروف اور بدنام ترین جرائم پیشہ خواتین کو رکھا جاتا ہے۔