27 نومبر 2015
وقت اشاعت: 8:36
سعودی عرب میں’حزب اللہ‘ رہنماوٴں پر پابندی عائد
جیو نیوز - جدہ......شاہد نعیم......سعودی عرب نے لبنانی تنظیم حزب اللہ کے کئی سینئر عہدیداروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ ان پر مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام و انتشار پھیلانے والی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گہاہے کہ” حزب اللہ بیرون ملک شرپسندانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث ہے۔“
ادھر سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی مملکت اپنے دستیاب وسائل سے دہشت گردانہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے لئے کوششیں جاری رکھے گی جبکہ دنیا بھر میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔“
سعودی عرب کی جانب سے عائد کردہ ان نئی پابندیوں کا اطلاق حزب اللہ کے حامیوں اور اس کے لیے کام کرنے والوں پر بھی ہوگا۔سعودی قوانین کے تحت دہشت گرد قرار دئیے گئے حزب اللہ کے عہدیداروں کے اثاثے منجمد کر لیے جائیں گے اور سعودی شہریوں پر ان کے ساتھ ہر قسم کے لین دین پر پابندی ہوگی۔