28 نومبر 2015
وقت اشاعت: 9:0
پیرس، عالمی کانفرنس کے انتظامات مکمل ،138سربراہان کی شرکت متوقع
جیو نیوز - پیرس......رضا چوہدری......فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہونے والی 21ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ کانفرنس 30نومبر سے 11دسمبر تک جاری رہے گی ۔ اس میں 138 ممالک کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔
کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کریں گے جو اتوار فرانس پہنچیں گے تاہم ماحولیات کے وزیر زائد حامد جمعہ کو رات گئے پیرس پہنچ گئے۔کانفرنس پیرس کے شمالی مضافاتی علاقے لابرجے میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس کی اہمیت کے پیش نظر اور 13 نومبر کی دہشت گردی کے بعد ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔حتیٰ کہ غیر ملکی سربراہوں کی آمد کے موقع پر 29 اور 30 نومبر کو گاڑیوں کی نقل وحمل کو کم سے کم رکھنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک نئے ممکنہ عالمی معاہدے کی تشکیل پر مذاکرات کیے جائیں گے۔ ان مذاکرات میں گرین ہاوٴس گیسوں کے اخراج میں کمی پر بات کی جائے گی تاکہ ملکوں کے غیر محتاط ہونے کی وجہ سے دنیا میں بڑھتے ہوئے درجہ جرارت پر قابو پایا جا سکے۔
کانفرنس کو دنیا کے بڑھتے ہوتے درجہ حرارت سے نمٹنے کے لیے آخری اوربہترین موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل عالمی درجہ حرارت سے متعلق کانفرنس 2009 میں کوپن ہیگن میں منعقد ہوئی تھی۔
2009 میں 20 ممالک میں ایک سروے کیا گیا تھاجس کے مطابق 63 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک سنگین مسئلہ ہے۔
تحقیقاتی ادارے گلوبل اسکین کی جانب سے اس سال جنوری اور فروری میں بیس ممالک پر مشتمل ایک اور سروے کیا گیاجس سے یہ واضح نتائج سامنے آئے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی ہم آہنگی کے لیے عوامی حمایت میں کمی آئی ہے۔
محققین کا خیال ہے کہ عالمی معاشی بحران نے دنیا کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے بارے میں لوگوں کی رائے کو تبدیل کرنے میں اہم کردا ادا کیا ہے۔
مبصرین اور تجزیہ نگاروں کے ساتھ ساتھ ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ سروے کے یہ نتائج عالمی سیاسی رہنماوٴں کے لیے سنجیدہ حقائق ہیں۔