1 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 3:16
ترکی کا تارکین وطن کیخلاف آپریشن ،1300گرفتار
جیو نیوز - یورپی یونین سے معاہدے کے بعد ترکی کا تارکین وطن کے خلاف آپریشن ۔یورپ جانے والے 1300زائد افرادگرفتار
انقرہ.....یورپی یونین سے معاہدے کے بعد ترکی نے تارکین وطن کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 1300سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترکی نے روم کی جانب واقع ساحل سے داخل ہونے والے 1300کے قریب تارکین وطن کو حراست میں لے لیا ہے ، یہ تارکین وطن یورپ جانا چاہتے تھے۔ان تارکین وطن کو ساحلی علاقے میں مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا ۔
گرفتار ہونے والوں میں 3 انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں جبکہ 4کشتیوں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ۔
گزشتہ روز یورپی یونین اور ترکی کے درمیان 3 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت ترکی کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ تارکین وطن کے خلاف اقدامات اٹھائے ۔