4 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 9:48
سعودی نائب ولی عہد دنیا کی فیصلہ ساز شخصیات میں شامل
جیو نیوز - جدہ…شاہد نعیم… امریکی میگزین’فارن پالیسی‘ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے موجودہ نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سال 2015 کی سب سے نمایاں فیصلہ سازشخصیات میں سے ایک ہیں۔
میگزین نے سعودی شہزادے کو ’’عقابی تبدیلی کو مہمیز‘‘ دینے والے رہنماوٴں کی فہرست میں شامل کیا ہے اور لکھا ہے کہ ”ان کے عہدے سے مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب کا نیا کردار متعین ہوا ہے۔“ میگزین کا کہنا ہے کہ بعض سعودی انہیں کم عمری کی وجہ سے ملک کی نوجوان اکثریت کا نمائندہ بھی قرار دیتے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیردفاع کی حیثیت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی مہم کے آغاز میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اس فہرست میں شامل دیگر عالمی شخصیات میں جرمن چانسلر اینجیلا مرکل کا نام بھی سرفہرست ہے جنھوں نے تارکین وطن اور مہاجرین سے متعلق یورپی پالیسی کو ناقابل عمل قرار دیا تھا۔
جریدے نے جرمن چانسلر کو یورپی یونین کے رکن ممالک میں مزید مہاجرین کی آمد کی راہ ہموار کرنے کا کریڈٹ دیا ہے۔انھوں نے دوسرے رکن ممالک پر بھی زوردیا تھا کہ وہ ان تارکین وطن اور جنگ زدہ ممالک سے آنے والے مہاجرین کے لیے اپنے دروازے کھول دیں۔
فہرست میں یونان کے سابق وزیرخزانہ یانس ویرو فاکس کا نام بھی شامل ہے۔انہوں نے یونان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے غیرملکی قرض دہندہ اداروں کی سخت شرائط کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔