7 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 12:3
فرانسیسی طالب علموں کا بنیاد پرستی کی جانب جھکاوٴ
جیو نیوز - پیرس …رضا چوہدری …فرانس کے طلباو طالبات بنیاد پرستی کی طرف راغب ہورہے ہیں اور حالیہ سالوں میں کم از کم 850ایسے طالب علموں کی نشاندہی ہوئی ہے، جنہوں نے بنیاد پرستی کی تعلیم حاصل کی۔ اس بات کا انکشاف ایک فرانسیسی جریدے نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے ۔
اخبار کا کہنا ہے کہ اس حوالے سےتفصیلی سروے کیا اورنتائج کی بنیاد پر یہ رپورٹ تیار کی ہے، فرانس کی وزارت تعلیم نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ 850طالب علم ماضی میں ایسی تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں جو بنیاد پرستی کو فروغ دیتی ہے۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ اگرچہ فرانس کے ہائی اسکولوں میں پڑھنے والے55 لاکھ طالب علموں کی تعدادکے لحاظ سے یہ اعداد و شمار زیادہ اہمیت نہیں رکھتے تاہم اس جانب ضرور اشارہ کرتے ہیں کہ یہ رجحان خطرناک ہوسکتا ہے ۔
اخبار کا کہنا ہے کہ طالب علموں میں بڑھتے اس رجحان کوسوشل میڈیا اور کلاس رومزمیں موجود طلباء و طالبات سے سوال و جواب کی مدد سے مانیٹرکیا گیا جبکہ اساتذہ سے بھی اس حوالے سے معلومات لی گئیں ۔
رپورٹ کے مطابق فرانسیسی جریدے ’چارلی ہیبڈو ‘پر رواں سال جنوری میں ہونے والے حملے کے بعد حکومت نے بنیاد پرستی کا رجحان اپنانے والے طالب علموں سے متعلق معلومات جمع کرنا شروع کی تھیں۔
وزارت تعلیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیچرز سے کہا گیا تھا کہ وہ طالب علموں کی حرکات و سکنات یا ان میں آنے والی تبدیلوں پر کڑی نظر رکھیں، مثلاً اگر وہ اپنے طالب علموں میں لباس ، خواتین سے روا رکھے جانے والے ان کے رویئے یا مذہب سے اچانک لگاوٴ رکھنے جیسی تبدیلیاں نوٹ کریں تو اس سے فوری آگاہ کریں۔