تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
10 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 14:43

آسٹریلیا میں زیر تعلیم سعودی طالبہ کی اہم سائنسی دریافت

جیو نیوز - جدہ......شاہد نعیم......آسٹریلیا میں زیر تعلیم ایک سعودی طالبہ نے زرعی سائنس کے شعبے میں ایک اہم دریافت کی ہے۔ انہوں نے زرعی فصلوں میں قدرتی کھاد کے طور پر استعمال ہونے والے گوبر اور فضلات سے اسکاریس انڈے بازیاب کرنے کا طریقہ ایجاد کر لیا ہے۔

سعودی طالبہ بسمہ عاشور خلف آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے حیاتیاتی تحقیق کے ادارے آر ایم آئی ٹی سے بائیوٹیکنالوجی اور بیالوجی میں پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔انہوں نے اپنے تحقیقی کام کو انٹرنیشنل واٹر ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع کرایا ہے۔

اسکاریس یا ایسکاریڈ ایک ایسا طفیلیہ (پیراسائٹ) کیڑا ہے جو عام طور جانوروں کی آنتوں میں پایا جاتا ہے، ان کے انڈے فضلے کے ساتھ خارج ہونے کے بعد زمین میں چلے جاتے ہیں اور جن پودوں پر یہ انڈے پائے جاتے ہیں، انہیں استعمال کرنے والا کوئی بھی جاندار متاثر ہوسکتا ہے۔

ان کیڑوں کے حملوں سے متاثرہ جانداروں میں وقوفی عمل متاثر ہوسکتا ہے اور اگر حملہ آنت پر ہو تو یہ مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔طالبہ بسمہ خلف کے سپروائزر اینڈی بال نے اس تحقیق پر کہا ہے کہ یہ ایک اہم کامیابی ہے اور بسمہ کی تحقیقی مہارت کا بھی ثبوت ہے۔

آسٹریلیا میں متعیّن سعودی عرب کے کلچرل اتاشی نے بسمہ خلف کو ٹیلی فون کرکے ان کے تحقیقی کام پر مبارک باد دی ہے۔

آسٹریلیا کے ساؤتھ ایسٹ واٹر اور اے ایل ایس واٹر ریسورس گروپ اور سعودی عرب کی جامعہ طائف کے ڈاکٹر طارق الطلحی کی سربراہی میں قائم ریسرچ گروپ سمیت متعدد جامعات اور کمپنیوں نے اس منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس تحقیقی دریافت کو تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے مستقبل میں سعودی طالبہ کے ساتھ ان کے تحقیقی منصوبوں میں تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.