17 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 1:42
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا آپشن نہیں،سشما سوراج
جیو نیوز - دہلی.......بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے درمیان مسائل کے حل کے لیے جنگ کوئی آپشن نہیں، نریندر مودی نے تیسرے فریق کی موجودگی کے بغیر بات چیت کی ضرورت پر زوردیا ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کا آپشن نہیں، بھارت نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کا فیصلہ کیا ہے، یہی دہشت گردی کے سائے کو دور کرنے کا واحد راستہ ہے۔
لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ ایک ملاقات تمام مسائل کا حل نہیں نکال سکتی اس لیے ہم بات چیت کا عمل جاری رکھیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ دہشت گردی کا مسئلہ بات چیت سے حل کریں گے لیکن پاکستان پر واضح کردیا ہے کہ مذاکرات اور دہشتگردی ساتھ نہیں چل سکتے، دھماکے کی آواز سے مذاکرات دب سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے دہشت گردی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کسی تیسرے فریق کی موجودگی کے بغیر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی ضرورت پر زوردیا ہے۔