21 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 19:47
سعودی عرب میں شادی کے خواہشمندوں کے لئے خوشخبری
جیو نیوز - ریاض......شاہد نعیم ......سعودی عرب میں شادی کے خواہش مند تارکین وطن کو اب نکاح کے لئے عدالتوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑیگی ،سعودی وزارت انصاف نے خصوصی نکاح خواں (ماذون) مقرر کر رہی ہے جو گھر جا کر شادی رجسٹر کرنے کے مجاز ہوں گے۔
وزارت انصاف کے ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد تارکین وطن کی شادی کے لئے عدالتی طریقہ کار منسوخ ہو جائے گا جس سے ان کی مشکلات میں کمی اور عدالت کا بھی وقت بچے گا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نکاح کی کارروائی پہلے بھی وزارت انصاف کے دائرہ کار میں نہیں آتی تھی۔
یہ فیصلہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کی شادیوں کی بڑھتی ہوئی شرح کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ دارلحکومت ریاض میں گذشتہ برس تارکین وطن کی 1044 شادیاں رجسٹر ڈہوئیں۔ یہ تعداد شہر میں اسی مدت کے دوران رجسٹر ہونے والی شادیوں کی4اعشاریہ 7 فیصد بنتی ہے۔ اس کے بعد الاحساء شہر میں 267 جبکہ جازان میں 242 شادیاں رجسٹر ہوئیں۔
سعودی وزیر انصاف ولید السمانی نے تارکین وطن کی شادیوں کا قانونی عمل پورا کرنے میں نکاح خواں کے کردار کے حوالے سے قوانین میں ضروری تبدیلی کا حکم جاری کیا تھا۔