30 جنوری 2016
وقت اشاعت: 15:42
نئے سال کا تحفہ:سعودی ایئرپورٹس پر ہر مسافر کو 87 ریال ٹیکس دینا پڑیگا
جیو نیوز - جدہ......شاہد نعیم......سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن پہلی جنوری سے تمام ائیر پورٹس پر بلڈنگ سرچارجز کی مد میں 37 ریال اضافے کے بعد ہر مسافر سے یک طرفہ ٹیکس 87 ریال وصول کرے گا۔
سعودی عرب میں موجود پاکستا ن انٹر نیشنل ائیر لائن کے کنٹری منیجرامتیاز بھٹو نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ائیر پورٹ بلڈنگ چارجز (ABC) ِکے حوالے سے ہونے والے اضافے کے بارے میں پاکستان میں ہیڈ آفس اور تمام ایجنٹس کو مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ وہ یکم جنوری سے جاری کئے جانے والے ٹکٹوں پر ائیر پورٹ بلڈنگ چارجز کی مد میں اضافی رقم وصول کر سکیں۔
پی آئی اے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا تھا جو ٹکٹ پاکستان سے جاری کئے جاتے ہیں وہاں سے ائیر پورٹ ٹیکس کی مد میں رقم وصول کی جاتی ہے جسے بعدازاں مملکت میں سول ایوی ایشن کے ادارے میں جمع کروا دیا جاتا ہے۔
امتیاز بھٹو کا کہنا تھا پی آئی اے کی جانب سے ائیر پورٹ بلڈنگ چارج کی مد میں ہونے والے اضافے کے بارے میںتمام ایجنٹس کو بھی مطلع کردیا گیا ہے جبکہ ائیر لائن کے سسٹم میں بھی اضافی رقم فیڈ کر دی گئی ہے ۔
پاکستان کی نجی فضائی کمپنی شاہین ائیر کے کنٹر ی منیجر کا کہنا ہے کہ انہو ںنے بھی تمام ایجنٹس کو اس بارے میں مطلع کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ائیر پورٹ بلڈنگ کی مد میں وصو ل کیا جانے والا ٹیکس عمرہ اور عازمین حج پر بھی عائدہو گا۔ دریں اثناء ٹریول ایجنٹ کا کہنا تھا کہ انہیں تمام ائیر لائنز کی جانب سے سرکلر بھی موصو ل ہوگئے ہیں،اضافی رقم دوطرفہ سفر کرنے والوں پر لاگوہوگی جس میں بچے بھی شامل ہیں۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ اضافی رقم سے معتمرین پر اضافی بوجھ پڑے گا، اگر ٹیکس یک طرفہ رکھا جائے تو بہتر ہوتا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بین الاقوامی پروازوں پر ائیر پورٹ بلڈنگ چارج کی مد میں 50 ریال وصول کئے جاتے تھے لیکن نئے سال کے پہلے دن ہر مسافر سے 87ریال وصول کئے جائیں گے۔