تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
2 فروری 2016
وقت اشاعت: 13:41

بھارتی پنجاب:پٹھان کوٹ ایئربیس پرحملہ، 4 فوجی ، 4 حملہ آور ہلاک

جیو نیوز - نئی دہلی.....بھارتی ریاست پنجاب میں پٹھان کوٹ ائیر بیس حملے میں چارحملہ آور اور چار بھارتی فوجی ہلاک ہوئے جب کہ چھ زخمی ہیں۔

ایئر بیس میں سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلے کے بعد پانچویں حملہ آور کی تلاش میں سرچ آپریشن جاری ہے،اس دوران دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ میں رات گئے حملہ آوروں نے فضائیہ کے اڈے کو نشانہ بنایا۔بھارتی وقت کے مطابق رات ساڑھے تین بجے چھ سے سات حملہ آور سرکاری گاڑی میں ایئرفورس اسٹیشن میں داخل ہوئے اورفائرنگ شروع کر دی۔حملہ آوروں نے بھارتی فوجی وردیاں پہن رکھی تھیں ،بھارتی فوج کی جوابی فائرنگ میں چار حملہ آور مارے گئے،باقی چھپ گئے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آورگرداس پور کے ایس پی کی گاڑی میں سوار تھےجو گذشتہ روز چھینی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آور ائیر بیس کے انتظامی بلاک تک پہنچ گئے تھےجہاں بھارتی لڑاکا طیارے موجود تھے ، بھارتی حکام کے مطابق حملے میں ایئر بیس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،جب کہ سکیورٹی فورسز حملہ آوروں کو شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ادھر بھارتی انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کو علاقے میں مشتبہ افراد کی موجودگی اورایئر بیس پر ممکنہ حملے سے گذشتہ روز ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔

بھارتی وقت کے مطابق حملہ آوروں سے مقابلہ صبح ساڑھے نو بجے ختم ہوا جس کے بعد علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔۔ علاقے کی ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.