4 فروری 2016
وقت اشاعت: 19:49
پٹھان کوٹ حملہ، انڈین سیکورٹی فورسز کیلئے بھیانک خواب
جیو نیوز - پٹھان کوٹ.......بھارتی ائیر بیس پٹھان کوٹ میں تیسرے روز بھی فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آ رہی ہیں۔ تین دن سے جاری آپریشن میں 11 بھارتی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں ، ایئربیس کو اب تک مکمل طور پر کلئیر نہیں کرایا جا سکا۔
بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ کے ائیر بیس پر دہشت گرد حملہ انڈین سیکورٹی فورسز کے لیے بھیانک خواب بن گیا۔ تین دن بعد بھی فضائی اڈہ کلیئر قرار نہیں دیا جاسکا۔ائیر بیس سے آج بھی وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں۔
بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ کے ایئربیس پر دہشت گرد حملہ دنیا بھر میں مودی سرکار کی جگ ہنسائی کا باعث بن گیا۔ تین دن بعد بھی علاقہ دہشت گردوں سے خالی نہ کرایا جاسکا۔بھارتی سیکورٹی فورسز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھنے لگے۔بھارتی حکام اور سیاسی رہنماوں کے بیانات سے عوام میں مزید بے چینی پھیل رہی ہے۔
پہلے دہشت گردوں کی تعداد چار بتائی گئی، پھر پانچ ، چھ اور اب سیکورٹی حکام نے یہ تعداد بڑھا کر دس تک پہنچادی ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے دہشتگرد دو ٹولیوں میں ایئربیس پر حملہ آور ہوئے۔دوسری ٹولی کہاں سے آئی اور کیسے آئی، اس کا جواب کسی کے پاس نہیں۔ اب تک سراغ نہیں لگایا جاسکا کہ سیکورٹی ہائی الرٹ تھی تو اتنی بڑی تعداد میں دہشت گردفضائی اڈے میں کیسے داخل ہوگئے۔
سیکورٹی حکام کا کہنا ہے پانچ دہشت گرد اب تک مارے گئے ہیں،دو اب بھی ایئربیس میں موجود ہیں،انہیں ایک حصے میں گھیر لیا گیا ہے۔پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے سے متعلق غیر ذمے دارانہ بیانات کا دفاع بھی مودی سرکار کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ دہشتگردوں کے حملے سے متعلق بریفنگ دینے بیٹھے لیکن صحافیوں کے تابڑ توڑ حملوں سے گھبرا گئے۔