تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
5 فروری 2016
وقت اشاعت: 7:39

تین دن ہوگئے بھارتی فورسز سے پٹھان کوٹ کا ایئربیس کلیئر نہ ہوسکا

جیو نیوز - نئی دہلی......تین دن ہوگئے لیکن بھارتی فورسز سے پٹھان کوٹ کا ایئربیس اب تک کلیئر نہ ہوسکا،وقفے وقفے سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق دو حملہ آور سیکیورٹی اہلکاروں کے گھیرے میں ہیں۔

انتہائی سکیورٹی والے فصیل بند وسیع ایئر بیس میں کومبنگ آپریشن یا دہشت گردوں کی صفائی کی مہم ختم ہونے نہیں پا ر ہی۔ دنیا کی تیسری سب سے بڑی فوج کا درجہ رکھنے والی انڈین آرمی بھاری گاڑیوں، حملہ آور ہیلی کاپٹروں اور تربیت یافتہ جوانوں کی موجودگی کے باوجود تین روز سے لگے ہوئے ہیں لیکن آپریشن اب مقامی شہریوں کے لئے اعصاب شکن ہوتاجارہا ہے۔

بھارتی آرمی کے بریگیڈیئر انوپیندرا دیولی نے تصدیق کی کہ دہشت گرد رہائشی علاقے میں گھس چکے ہیں ۔بھارتی اِلیٹ نیشنل سیکیورٹی گارڈ (این ایس جی ) کے میجر جنرل دشیانت سنگھ نے بتایا کہ 4 دہشت گرد ماردیئے لیکن مزید 2 سے چھٹکارا حاصل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔

گھیرے میں لیے گئے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کیلئے سیکیورٹی کے تازہ دم دستے بھی پٹھان کوٹ ایئربیس پہنچ چکے ہیں۔فوج کے اعلیٰ حکام بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو آپریشن کی تازہ صورت حال سے آگاہ کر رہے ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بارے میں انہیں پہلے سے اطلاعات تھیں ایسے میں 7بھارتی سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت مودی حکومت کے لیے شرمندگی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی رہائشگاہ پر سیکیورٹی اجلاس جاری ہے۔اجلاس میں وزیر خارجہ سشما سوراج اور قومی سلامتی مشیر بھی شریک ہیں،پٹھان کوٹ حملے پر بھارتی وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.