16 فروری 2016
وقت اشاعت: 10:43
مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ،فلسطینی شہید
جیو نیوز - مقبوضہ بیت المقدس...... مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں فلسطینی شخص شہید ہوگیا۔عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوج کےہاتھوں 24گھنٹوں میںشہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد3ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی علاقے سلفیت میں ’اورنیت‘ فوجی چوکی کے قریب ایک فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوگیا جو بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اسرائیلی فوجیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان نے یہودی کالونی اورنیت میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس پر اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فورسزکی تلاشی کی کارروائیوں میں 12فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہرالخلیل، بیت لحم،بیت فجار اور شمالی شہر نابلس اور جنین میں بھی چھاپے مارے گئے جہاں سے ان افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
چھاپوں کے دوران گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا،گھروں میں توڑپھوڑ کی گئی اور قیمتی اشیا نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں1 اکتوبر 2015 ءکے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کے دوران صہیونی فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ جن میں اب تک چھ ہزار سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔