2 مارچ 2016
وقت اشاعت: 21:0
خفیہ ادارہ کے اہلکارکا قتل:روس نے برطانوی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کر دی
جیو نیوز - ماسکو ......... روس نے اپنے خفیہ ادارے کے سابق اہلکار کے قتل کی برطانوی حکام کی طرف سے جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ کو مذاق کہہ کر مسترد کر دیا ہے ۔
روسی خفیہ ادارے کا سابق اہلکار لیٹو یننکو منحرف ہو کر برطانیہ آگیا تھا جہاں اس نے پناہ اور برطانوی شہریت بھی حاصل کرلی تھی لیکن 2006ءمیں اس کی پراسرار حالات میں موت واقع ہوگئی تھی۔ برطانوی حکام نے 10سال تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد تیار کی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ لیٹویننکو کو روسی خفیہ ادارے کے دو ارکان آندرے لوگو ووئی اور دمتری کو دتون نے لندن کے ایک ہوٹل میں انتہائی مہلک زہردے کر ہلاک دیاتھا۔
یہ زہر صرف جوہری ری ایکٹر میں تیار کیا جا سکتا ہے اور لیٹو یننکو کی چائے دانی کے اندر اور باہر کی سطح پر اس زہر کے موجود ہونے کی تصدیق ہوگئی تھی۔ برطانوی حکام کے دعویٰ کے مطابق لیٹو یننکو چونکہ روسی خفیہ اداروں اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے سخت ناقدبن گئے تھے اس لئے ان کے قتل کی منظوری ممکنہ طور پر روسی خفیہ ادارے کے سربراہ اور روسی صدر کی طرف سے دی گئی تھی ۔
دریں اثنا روسی صدر کے ترجمان دمتری پسکوف نے برطانوی تحقیقاتی رپورٹ کو احمقانہ اور مذاق قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے ۔جبکہ روسی خفیہ ادارے کے اہلکار آندرے لوگو ووئی جن پر اس قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے ،نے کہا کہ اسکے خیال میں تحقیقات کرنے والا جج پاگل ہو چکا ہے،اس کہا کہ میرا برطانیہ جاکر تحقیقات کا سامنا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔