تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
6 مارچ 2016
وقت اشاعت: 17:52

جرمنی میں جنگی جرائم میں ملوث مشتبہ شامی شہری گرفتار

جیو نیوز - برلن......جرمن پولیس نے ’جنگی جرائم‘ میں ملوث ہونے کی بنیاد پر ایک چوبیس سالہ شامی شہری کو گرفتار کرلیا یہ شامی شہری 2013 میں اقوام متحدہ کے ایک امن فوجی کے اغواء میں ملوث تھا۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے بتایا کہ یہ گرفتاری جرمنی کے جنوب مغربی شہر اشٹٹ گارٹ کے قریب عمل میں لائی گئی ہے ۔ اغواء کی یہ کارروائی شام میں کی گئی تھی۔

جرمنی کے اٹارنی جنرل نے ایک بیان میں کہا کہ مشتبہ ملزم کو گزشتہ روز ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا شبہ ہے کہ یہ ملزم ایک امدادی مشن کے خلاف جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔

سترہ فروری 2013میںالقاعدہ سے منسلک النصرہ جہادی گروپ نے اقوام متحدہ کے ایک امن فوجی کو دمشق میں اغوا کر لیا تھا۔ فوجی کا تعلق اقوام متحدہ کے اس گروپ سے تھاجو گولان پہاڑیوں پر تعینات تھا۔

اس وقت اس امن فوجی کی رہائی کے بدلے تاوان کی ایک بڑی رقم طلب کی گئی تھی اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں اسے قتل کرنے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔تفتیش کاروں کے مطابق گرفتار ہونے والا سلیمان اے ایس نامی یہ شخص اس گروپ کا ممبر تھا اور اغوا کی اس کارروائی میں اس کا اہم کردار تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.