10 مارچ 2016
وقت اشاعت: 3:46
یمن : جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کیا جائے ،اقوام متحدہ
جیو نیوز - نیویارک........اقوام متحدہ کے ماہرین کے ایک پینل نے کہاہے کہ سیکیورٹی کونسل کو یمن میں جاری تنازعے کے تمام فریقوں کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ایک عالمی کمیشن قائم کرنا چاہیے۔
امریکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کا یہ پینل عالمی تنظیم کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں پر نظر رکھتا ہے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عرب دنیا کے سب سے غریب ملک کے شہری اس تنازع میں بہت سی جان لیوا جنگی حکمت عملی کا شکار ہیں۔
ان میں بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بھی شامل ہے،سعودی عرب کی سربراہی میں عرب اتحاد نے گذشتہ سال یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملوں اور اس کے بعد زمینی کارروائی شروع کی تھی تاکہ دارالحکومت صنعاء سمیت دیگر علاقوں سے ان کا قبضہ ختم کرایا جاسکے اور یمن کی قانونی حکومت کی عمل داری بحال کرائی جاسکے۔