11 مارچ 2016
وقت اشاعت: 12:1
روس کے فضائی حملوں میں200 شامی شہری ہلاک ہوئے،ایمنسٹی انٹرنیشنل
جیو نیوز - لندن.......انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ روس کی جانب سے شام میں کی جانے والے فضائی کارروائیوں میں کم سے کم 200 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق روس نے رواں برس 30 ستمبر سے 29 نومبر کے دوران شام میں 25 سے زائد فضائی حملے کیے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اس کی جانب سے کی گئی تحقیق کے نتائج روس کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام کی ’سنگین ناکامی‘ کو ظاہر کرتے ہیں۔
ماسکو نے متعدد بار شام میں کیے جانے والے فضائی حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکت کو مسترد کیا ہے اور ایسے دعووں کو ’ جنگی معلومات کا حصہ قرار دیا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اس نے شام کے شہروں حمص، حما، ادلب اور حلب میں روس کی جانب سے کیے جانے والے حملوں پر تحقیق کی ہے۔
اس نے روس کی جانب سے شام میں کیے جانے والے حملوں کے بعد کے 16 عینی شاہدین کے ’فون یا انٹرنیٹ کے ذریعے انٹرویو کیے‘ جس میں ڈاکٹرز اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکن شامل ہیں۔بین الاقوامی امدادی ادارے نے 29 نومبر کو کیے جانے والے ایک حملے کی مثال دیتے ہوئے کہ اس میں 49 شامی شہری اور متعدد افراد اس وقت زخمی ہوئے جب ادلب صوبے کی ایک مارکیٹ میں تین میزائل گرے۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کی تحقیق اور عینی شاہدین کی گواہی کے مطابق 29 نومبر کو ادلب کی مارکیٹ میں کیے جانے والے حملے میں ’کوئی فوجی ہدف نہیں تھا۔امدادی ادارے کا کہنا ہے کہ اسے اس بات کا بھی ثبوت ملا ہے کہ روسی فوج نے اس حملے میں ’گنجان آبادی والے علاقوں میں ان غیر قانونی گائیڈڈ بموں کا اندھا دھند استعمال کیا۔دوسری جانب روسی حکام نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں عائد کیے جانے والے الزامات پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔