تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
17 مارچ 2016
وقت اشاعت: 15:29

سیاسی پناہ کے طلبگار افغان مہاجرین کو نکال دیں گے،جرمن وزیرداخلہ

جیو نیوز - برلن........جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر نے کہاہے کہ جرمنی میں سیاسی پناہ کے طلبگار افغان تارکین وطن کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔ دورہ افغانستان کے موقع پر جرمن وزیر داخلہ نے کہاکہ بلا شبہ افغانستان میں سلامتی کی صورت حال پیچیدہ ہے لیکن یہ کافی بڑا ملک ہے۔ وہاں غیر محفوظ علاقے ہیں تو محفوظ علاقے بھی ہیں۔

ڈے میزیئر کا مزید کہنا تھا کہ ایسے افغان شہری جو سیاسی پناہ کے حق دار نہیں، انہیں واپس اپنے ملک جا کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جانا چاہیے۔جرمن وزیر نے بتایا کہ افغانستان میں سرگرم انسانوں کے اسمگلرز لوگوں میں ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ جرمنی میں حالات جنت کے مساوی ہیں۔

تھوماس ڈے میزیئر کے مطابق زیادہ تر افغان تارکین وطن پناہ کی نہیں بلکہ بہتر معاشی حالات کی تلاش میں ہجرت کر رہے ہیں۔جرمن وزیر نے افغانستان میں اپنی زندگیاں نئے سرے سے دوبارہ شروع کرنے والے افغان باشندوں کے لیے مالی امداد کو خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ موجودہ جرمن قوانین کے تحت سیاسی پناہ کے ناکام درخواست دہنگان، واپسی کے اخراجات کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس اکتوبر سے افغان مہاجرین کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے جو قابلِ قبول نہیں۔واضح رہے کہ2015ءمیں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افغان باشندوں نے جرمنی کو پناہ کی درخواستیں جمع کروائیں جبکہ 2014 ءمیں صرف 9700 افغانیوں نے سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کروائی تھیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.