17 مارچ 2016
وقت اشاعت: 17:54
تائیوان: چین مخالف جماعت سے تعلق رکھنے والا رکن اسپیکر منتخب
جیو نیوز - تائپے ......... تائیوان کی پارلیمنٹ نے پہلی بار چین مخالف جماعت ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی کا اسپیکر منتخب کرلیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز اپنے انتخاب کے فوری بعد سپیکر سوچیاچوان نے اپنا پارٹی عہدہ چھوڑ تے ہوئے اسے پارلیمانی اصلاحات کی جانب پہلا قدم قرار دیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعے اختیارات کی منتقلی کا یہ پہلا موقع ہے اور عوام کو بھی نئی پارلیمنٹ سے توقعات ہونگی۔
اگر ہم نے انھیں نظر انداز کیا تو یہ انھیں دھوکہ دینے کے مترادف ہوگا۔یاد رہے کہ 16 جنوری کے پارلیمانی و صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔اس کی خاتون چیئرپرسن تسائی انگ وین 20 مئی کو ملک کی پہلی خاتون صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔
پارٹی نے پارلیمانی انتخاب میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 113 کے ایوان میں 68 نشستیں حاصل کرلیں جبکہ چین نواز جماعت (کے ایم ٹی) صرف 35 نشستیں حاصل کرسکی۔