20 مارچ 2016
وقت اشاعت: 22:25
امریکا اور یورپی یونین کے مابین ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ طے پاگیا
جیو نیوز - برسلز........یورپی یونین اور امریکا کے مابین ڈیٹا کے تبادلے کا ایک معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت فیس بک اور ایپل جیسی کمپنیوں کے ڈیٹا کی بین الاوقیانوسی منتقلی ممکن ہو سکے گی۔ تاہم اس معاہدے کو قانونی طور پر چیلنج کیا جا سکتا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین اور امریکا گزشتہ برس اکتوبر سے ڈیٹا شیئرنگ کے اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوششیں کررہے تھے۔قبل ازیں ایک اعلی یورپی عدالت نے سیف ہاربر نامی اس معاہدے کے خلاف فیصلہ سنا دیا تھا، جس کی وجہ ایسے خدشات تھے کہ امریکی کمپنیوں کے پاس موجود یورپی شہریوں کے ذاتی ڈیٹا تک امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں کو رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔
سنگل ڈیجیٹل مارکیٹ کے نگران یورپی کمشنر اینڈرس آنسپ نے اس بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ یورپین یہ یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ان کا ڈیٹا محفوظ ہے۔ ان کے بقول یورپ میں موجود کاروبار، بالخصوص چھوٹے درجے کے کاروبار کو وہ قانونی ضمانت حاصل ہے، جو انہیں بحیرہ اوقیانوس کے پار اپنی کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کے لیے درکار ہے۔
یورپی کمشنر برائے انصاف ویرا ژوروا نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ پہلی مرتبہ امریکا نے یورپی یونین کو یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ قومی سلامتی سے جڑے مقاصد کے لیے پبلک اتھارٹیز کی ڈیٹا تک رسائی مخصوص حدود اور نگرانی کے باقاعدہ نظام کے تحت ہو گی۔