20 مارچ 2016
وقت اشاعت: 23:46
برطانیہ کی جگہ یورپی یونین میں ہے، اوباما کا کیمرون کو مشورہ
جیو نیوز - واشنگٹن.........امریکی صدر براک اوباما نے برطانیہ اوریورپی یونین کے درمیان تعلق پر ہونے والی گرما گرم بحث میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے وزیر اعظم ڈیوڈکیمرون کو مشورہ دیا ہے کہ ان کے ملک کو 28 رکنی بلاک کا حصہ رہنے میں ہی فائدہ ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہائوس نے بتایا کہ صدر اوباما نے کیمرون کے ساتھ فون پر بات کی اور انہیں بتایا کہ امریکا مضبوط یورپی یونین میں مضبوط برطانیہ کی حمایت جاری رکھے گا۔اوباما نے ایسے موقع پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے کہ جب جون 2016ء میں یورپی یونین کی رکنیت کے حوالے سے برطانوی ریفرینڈم سے قبل ڈیوڈ کیمرون اپنی جان بخشی کروانے کے لئے برسلز سے کچھ مراعات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
واشنگٹن نے دنیا کے سب سے بڑے معاشی بلاک میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ملک برطانیہ کی دیرپاحمایت کی ہے اور اس نے خبردار کیا ہے کہ اگر برطانیہ اس بلاک کو چھوڑ دے گا تو یہ بلاک ٹوٹ سکتا ہے۔ڈیوڈ کیمرون ذاتی طور پر یورپی یونین میں رکنیت کے حامی ہیں ۔
کیمرون نے اپنی جماعت "کنزرویٹو پارٹی" کے مختلف حلقوں کو منانے کی کوشش میں یورپی یونین کے کچھ قوانین میں تبدیلیوں کا مطالبہ کیا ہے۔یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے اس سے قبل برطانیہ کو راضی کرنے کے لئے اپنی تجاویز کو بیان کیا تھا جس کے نتیجے میں مذاکرات کی راہ کھل گئی۔