تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
22 مارچ 2016
وقت اشاعت: 18:41

پاکستان بھارت سے اچھے تعلقات کاخواہاں ہے ،اعزازچوہدری

جیو نیوز - ہیوسٹن......راجہ زاہد اختر خانزادہ...... پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سے اچھے اور بہتر تعلقات کا خواہاں ہے تاہم دونوں جانب بے اعتمادی کی جو فضا قائم ہے اس کو مذاکرات کے ذریعے دور کیا جا سکتا ہے۔

ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کی جانب سے منعقدہ ظہرانے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے اچھے تعلقات کا حصول پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے اور مسائل کے چیلنجز بات چیت سے حل ہو سکتے ہیں ۔پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالےسےان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہے جبکہ گزشتہ 40 سال سے جو پلانٹ چلا رہے ہیں الحمداللہ وہاں پرکبھی کوئی افسوس ناک حادثہ رونما نہیں ہوا، حالانکہ عالمی توانائی ایجنسی کو دنیا بھر سے اس قسم کےحادثات کے 3 ہزار واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے جوہری سلامتی سے متعلق تمام کام انتہائی محنت سے سرانجام دئیے اور پاکستان کے پاس جو جوہری طاقت ہے اس کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن میں استحکام پیدا ہوا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میںان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ایٹمی بجلی گھر کا حصول پلان کا حصہ ہے،ہم نے امریکا اور بھارت کے درمیان جوہری توانائی کے معاہدے کا بغور مطالعہ کیا ہے، ہماری رائے میں عدم مساوات پر مبنی جو معاہدہ ہوا وہ خطے میں مساوات کو غیر مستحکم کرتا ہے، امریکا سے اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایٹمی قوت بننے سےقبل انڈیا اور پاکستان کے مابین تین چار جنگیں لڑی گئیں مگر ایٹمی طاقت کے حصول کے بعدسے اب تک ایک بھی جنگ نہیں ہوئی اور ہمارا یقین ہے کہ اسٹرٹیجک معاہدے جنوبی ایشیا میں مزید امن و استحکام پیدا کریں گے۔

ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے سرپرست اعلیٰ اور مڈلینڈ انرجی کے مالک اورآئل ٹائیکون سید جاوید انور اور ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ نے سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری کا خیرمقدم کیا اور میئر ہیوسٹن کی جانب سے سیکرٹری خارجہ کو ہیوسٹن شہر کی اعزازی شہریت بھی دی۔

اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل افضال محمود‘ آئل ٹائیکون سید جاوید انور‘ سابق امریکی سفیر اور بین الاقوامی تجارت کے چیئرمین ایڈورڈ الگوزی‘ میئر ہیوسٹن کی چیف پروٹوکول ڈینالوف سمیت منتخب اہلکاروں‘ ججوں‘ کارپوریشن کے ایگزیکٹو سمیت بین الاقوامی کمیونٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ کنٹرولر کرس براؤن نے ان کو اعزازی شہریت کی سند پیش کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.