تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
25 مارچ 2016
وقت اشاعت: 21:4

شام میں حکومتی فوج حلب کے قریب پہنچ گئی

جیو نیوز - دمشق......شام میں حکومتی فوج باغیوں کے زیر قبضہ تاریخی شہر حلب کے قریب جا پہنچی ہے اور شہر کو ترک سرحد سے پہنچنے والی رسد بند کردی ہے۔سعودی عرب نے شام میں زمینی فوج بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔

شامی وزیر خارجہ ولید المعلم نے کہا ہے کہ حکومتی اجازت کے بغیر کسی ملک کی زمینی افواج شام میں داخل ہوئی تو اسے جارحیت سمجھا جائے گا، ایسی غیر ملکی فوج گھر واپس جائے گی تو تابوت کی صورت میں جائے گی۔

شامی فوجیں گھمسان کی جنگ کے بعد تاریخی شہر حلب کے قریب جا پہنچی ہیں جو باغیوں کے قبضے میں ہے۔ شامی باغیوں نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ اگر معاملہ مذاکرات کی میز پر طے کرنا ہے تو شامی فوجوں کو آگے بڑھنے سے روکا جائے۔ادھر ترک وزیراعظم احمد داؤد اوغلو نے کہا ہے کہ حلب کے قرب و جوار سے 70ہزار افراد ترکی کی جانب رواں ہیں اور اگر حلب پر سرکاری فوج کا قبضہ ہو گیا تو صورت حال اور خراب ہو جائے گی۔

روس اور امریکا سمیت مختلف ملک شام کی فضائی حدود میں کارروائی کرتے رہے ہیں لیکن اب خطرہ ہے کہ شام دوسرے ملکوں کی زمینی جنگ کا میدان نہ بن جائے،دو روز پہلے روس نے ترکی پر الزام عائد کیا کہ وہ شام پر جارحیت مسلط کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

گزشتہ روز سعودی فوج کے ترجمان نے بھی کہا کہ سعودی عرب نے شام میں اپنی زمینی افواج بھیجنے کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ سعودی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ سعودی حکومت کی زمینی افواج داعش کے خطرے کا مقابلہ بھی کر سکیں گی،دوسری طرف ایرانی ماہرین اور لبنان کی حزب اللہ پہلے ہی شام میں موجود ہیں جو جو بشارالاسد کی مدد کر رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.