26 مارچ 2016
وقت اشاعت: 23:42
روس کو شام میں شہریوں پر بمباری روکنا ہوگی ،جان کیری
جیو نیوز - واشنگٹن.........امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روس پر زور ڈالا ہے کہ وہ شام میں جنگ بندی کا اطلاق کرے کیوںکہ اس کی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد جانیں گنوا چکی ہے اور اس عمل کو روکنا ہوگا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کیری نے یورپ کے دورے سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس نے مجھے بہت واضح طور پر اشارہ دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کے لئے تیار ہے۔ ایرانیوں نے بھی لندن میں مجھے تصدیق کی ہے کہ وہ بھی جنگ بندی کی حمایت کریں گے۔
کیری کا مزید کہنا تھا کہ "ہمیں ہر فریق کی سنجیدگی کا اندازہ آنے والے دنوں میں ہوگا۔اس سے پہلے کیری نے روس پر الزام لگایا تھا کہ اس نے شام کی حزب اختلاف پر بمباری کی ہے تاکہ جنیوا مذاکرات کو ناکام بنایا جائے۔کیری نے روسی فوج پر بے ربط بم استعمال کرنے کا الزام لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اندھا دھند بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہری ہلاک ہورہے ہیں، روسی جہاز ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ان افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ پہلی بمباری کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دینے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں۔