31 مارچ 2016
وقت اشاعت: 6:26
جرمنی، بلجیم اور ہالینڈ کی درمیانی سرحدوں پرنگرانی سخت
جیو نیوز - برسلز... خالد حمید فاروقی... نیدر لینڈ اتھارٹیز کی جانب سے جرمنی، بلجیم اور ہالینڈ کی درمیانی سرحدوں کی نگرانی سخت کر دی ہے جبکہ تینوں ممالک کی سرحدوں پر ٹریفک کو انتہائی سست رفتاری سے گزارا جارہا ہے تا کہ ان ممالک کی جانب سفر کرنے اور سرحدوں کو عبور کرنے والے افراد پر نظر رکھی جاسکے اور مشکوک گاڑیوں کی تلاشی لی جاسکے ۔
اس اقدام کا ایک مقصد انسانی اسمگلنگ کو روکا بھی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق نئے اقدامات کے نتیجے میں ان سرحدوں پر ٹریفک کے تعطل کا بھی امکان ہے ۔
یہ سلسلہ گزشتہ سال ستمبر سے شروع ہوا تھا تاہم اب نیدر لینڈ کی جرمنی اور بلجیم سے ملنے والی سرحدوں پر انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں۔ ان غیر معمولی اقدامات کے نتیجے میں کئی لوگوں کو حراست میںبھی لے لیا گیاجبکہ اس تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے ۔
نیدر لینڈ کے وزیر مملکت برائے تحفظ و انصاف کلاس ڈائک ہوف نے کہا ہے کہ سرحدوں پر ٹریفک کی رفتار کم کرنے سے پولیس کو مشکوک افراد کو پہچاننے میں آسانی ہوگی جس کے نتیجے میں انسانی اسمگلروں کو روکنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کیلئے ہمارا کھلا پیغام ہے کہ اگر وہ یورپی یونین کی طرف سے محفوظ قرار دیئے گئے ممالک سے آرہے ہیں تو انہیں یہاں آنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم اپنی سرحدوں کو بند کر رہے ہیں بلکہ ہم سرحدوں پر چیک سخت کر رہے ہیں البتہ ان اقدامات کے نتیجے میں لوگوں کو سرحدوں پر طویل انتظار کرنا پڑ سکتا ہے ۔