تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
3 اپریل 2016
وقت اشاعت: 14:22

داعش کیمیائی ہتھیاربنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سی آئی اے

جیو نیوز - واشنگٹن........امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان برینن نے خبردار کیا ہے کہ داعش کے جنگجو کیمیائی ہتھیار استعمال کرچکے ہیں اور وہ تھوڑی مقدار میں کلورین اور مسٹرڈ گیس تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سی آئی اے کے سربراہ نے یہ انکشاف سی بی ایس کے نیوز پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس داعش کے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے متعدد شواہد موجود ہیں، داعش گروپ ہتھیاروں کے لیے مسٹرڈ یا کلورین گیس کی تھوڑی مقدار تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایسی رپورٹس ہیں کہ وہ ان کو استعمال کرسکتے ہیں۔

جان برینن نے خبردار کیا ہے کہ داعش مالیاتی فوائد کے لیے ان ہتھیاروں کو مغرب کو برآمد کرسکتے ہیں۔میرے خیال میں اس طرح کے امکانات ہمیشہ رہتے ہیں،اس لیے یہ ضروری ہے کہ اشیاء کی نقل وحمل کے مختلف روٹس کو بند کیا جائے اور اسمگلنگ کے راستوں کو بند کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ عراق اور شام میں داعش کی بیخ کنی اور اس کے بارے میں جان کاری کے لیے امریکی انٹیلی جنس پوری طرح فعال ہے۔جان برینن کے اس انٹرویو سے دو روز قبل ہی نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ جیمز کلیپر نے کانگریس کی ایک کمیٹی کے روبرو بیان دیتے ہوئے داعش کے بارے میں اسی قسم کے خیالات کا اظہار کیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ایک انتہا پسند گروپ نے کیمیائی ہتھیار تیار کرکے استعمال کیے ہیں۔اس سے پہلے 1995ء میں ٹوکیو میں ایک سب وے پر جاپان کے ایک انتہا پسند گروپ اوم سپریم ٹرتھ نے تباہ کن سیرن گیس کا حملہ کیا تھا۔گذشتہ سال کردستان کے حکام نے اطلاع دی تھی کہ داعش نے اگست 2015ء میں کرد فورسز کے خلاف زہریلی گیس استعمال کی تھی۔جس سے 35 فوجی متاثر ہوئے تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.