6 اپریل 2016
وقت اشاعت: 10:44
یمنی باغیوں کا سعودی عرب پر میزائل حملہ ناکام
جیو نیوز - ریاض ..........سعودی فوج نے یمن میں مبینہ طور پر حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا اسکڈ میزائل جوابی کارروائی میں فضاء ہی میں تباہ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق پونے دس بجے یمن سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط پر ایک اسکڈ میزائل داغا گیا مگر اسے بغیر کسی نقصان کے تباہ کر دیا گیا ۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں فوج نے ایک ہفتہ پیشتر بھی یمن سے داغا گیا ایک اسکڈ میزائل فضاء میں تباہ کر دیا تھا۔کہا جاتا ہے کہ یمن میں سرگرم حوثی شدت پسندوں کے پاس کم سے کم 300 اسکڈ میزائل ہیں۔ سعودی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل عسیری بھی اس کی تصدیق کر چکے ہیں۔
ادھر یمن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے جنگی طیاروں نے ایران نواز حوثی باغیوں اور منحرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفاداروں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔