9 اپریل 2016
وقت اشاعت: 12:5
امریکی علاقے کا نام مجرم چینی شہری سے منسوب کرنے پر چین ناراض
جیو نیوز - بیجنگ........چین نے امریکی کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں ایک محلے کا نام سزا یافتہ مجرم لیو ژیاؤ باؤ سے منسوب کرنے کے لئے سینیٹ میں موجود قانون کو مسترد کیا جائے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ اگر امریکی کانگریس نے اس قانون کو منظور کیا تو اس کے سخت نتائج سامنے آئیں گے ۔انہوںنے کہا کہ چین کی جانب سے اس قانون کی مخالفت اس لئے کی جا رہی ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی تعلقات عامہ کے اصولوں کی خلاف ورز ی ہے ۔
چین امریکی کانگریس سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے قانون کو مسترد کیا جائے ۔چین کو امید ہے کہ امریکہ سیاسی ڈھونگ بند کردے گا ۔امریکی سینیٹ واشنگٹن ڈی سی میں ایک محلے کا نام لیو ژیاؤ باؤ سے منسوب کرنا چاہتی ہے ۔ چینی شہری کو بیجنگ کی عدالت نے حکومت کو برطرف کرنے کی سازش کا الزام ثابت ہونے پر 25دسمبر2009کو 11سال قید کی سزاسنائی تھی ۔