9 اپریل 2016
وقت اشاعت: 12:37
کیمرون ، اولاندے ملاقات،برطانیہ کے ای یو میں رہنے کا معاہدہ متوقع
جیو نیوز - لندن..........برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور فرانسیسی صدر فرانسو اولاندے کے درمیان ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ یورپی یونین میں برطانیہ کی ممبرشپ کے لئے اصلاحات کا خاکہ ایک مضبوط بنیاد ہے اور اس پر رواں ہفتے کے دوران معاہدہ کر لیا جائے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 10 ڈائوننگ سٹریٹ پر موجود ڈیوڈ کیمرون کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ "دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ برطانیہ سے مذاکرات میں مثبت پیش رفت جاری ہے اور یورپین کونسل کی جانب سے فراہم کئے جانے والے مسودے کے متن پر رواں ہفتے کے دوران معاہدہ کیا جاسکتا ہے۔
اس بیان سے قبل ایک فرانسیسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ "برطانیہ کو 28 رکنی یورپی یونین سے علیحدگی سے روکنے کیلئے مزید کام خصوصا معاشی صورتحال مِیں بہتری کی ضرورت ہے تاکہ یورپی یونین کے رکن ممالک برطانیہ کو بلاک میں رہنے پر آمادہ کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے سکیں۔
برطانیہ یورپی یونین کی کرنسی یورو کو استعمال نہیں کرتا ہے اور وہ اس بلاک میں اپنی رکنیت کی شرائط پر تبدیلی چاہتا ہے تاکہ اسے یورو زون کی حفاظت کیلئے قائم فنڈ میں رقم نہ دینا پڑے۔